نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت

August 4, 2015 5:06 pm0 commentsViews: 44

ضمانت پر رہا کالعدم تنظیموں کے کارکنوں کی مانیٹرنگ کیلئے نظام بنایا جائے، آئی جی سندھ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی زیرصدارت سینٹرل پولیس آفس میں ہونے والے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت سندھ پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اس تناظر میں مزید ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر سمیت ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر ز سندھ اور زونل ڈی آئی جیز کراچی نے شرکت کی۔ آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ نفر ت آمیز تقاریر ، مواد اور وال چاکنگ کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز اور غیر جانبدارانہ کاروائیوں کو یقینی بنایاجائے اور ملوث عناصر کو گرفتار کرکے اُن کے خلاف مقدمات کااندارج کیاجائے۔ اُنہوں نے کہا کہ ضمانت پر رہا ہونے والے کالعدم تنظیموں کے کارکنان اور فورتھ شیڈول لسٹ میں شامل افراد کی مانیٹرنگ کا فول پروف نظام ترتیب دیاجائے ۔ اجلاس میں دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کاروائیوں اور اس ضمن میں انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید تقویت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ علاوہ ازیں کرائے کے مکانوں‘فلیٹس‘بنگلوں میں رہائش پذیر افراد سمیت ہوٹلوں‘ گیسٹ ہائوسیز میں قیام پذیر افراد کے کوائف کی تصدیق پر مشتمل اور مانیٹرنگ کے حوالے سے دستاویزات تیار کرنے کے بھی ہرممکن اقدامات کئے جائیں ۔

Tags: