آج صبح،پاک کالونی میں، فائرنگ نوجوان ہلاک، لیاری ایکسپریس وے سے 3دہشت گردگرفتار

August 5, 2015 4:54 pm0 commentsViews: 27

مسلح موٹرسائیکل سواروں نے کے ایم سی کوریڈ کے قریب گھر کے باہر بیٹھے افراد پر گولیاں برسادیں، دونوجوان زخمی ہوئے تھے، ایک اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا، دوسرے کی حالت تشویشناک
سپرمارکیٹ پولیس نے آج صبح خفیہ اطلاع پر لیاری ایکسپریس وے سے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، ایم اے جناح روڈ سے ملزم زخمی حالت میں گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے پاک کالونی میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ ایک بلوچ نوجوان قتل‘ دوسرا شدید زخمی‘ کورنگی ماڑی پور اور نیو کراچی میں فائرنگ سے 4 افراد شدید زخمی‘ اسپتال منتقل‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح پاک کالونی کے علاقے ریکسر لین کے ایم سی کوارٹر کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے‘ جس کی اطلاع پولیس کو د ی گئی‘ پولیس نے موقع پرکر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کی شناخت22 سالہ شہزاد اور 24 سالہ بلال کے نام سے ہوئی ‘مقتول شہزاد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا‘ پولیس نے بتایا کہ مقتول اور زخمی پاک کالونی کے رہائشی تھے اور محنت مزدوری کرتے تھے‘ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اورمضروب گھر کے باہر بیٹھے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار فائرنگ کرکے فرار ہوگئے‘ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے لین دین کا تنازعہ معلوم ہوتا ہے اور شبہ ہے اس قتل میں گینگ وار ملوث ہے اور مذکورہ قتل میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال ہوا ہے جس کے 4 خول جائے وقوعہ سے برآمد کرلئے ہیں‘ ابراہیم حیدری کے علاقے کورنگی نمبر ڈھائی بنگالی پاڑہ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے32 سالہ مزمل کو زخمی کردیا‘ ماڑی پور میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے2 افراد کامران اور عمران زخمی ہوگئے‘ جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا‘ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت معلوم ہوتا ہے‘ نیو کراچی سیکٹر 5/G میں رہزنوں کی فائرنگ سے30 سالہ جہانگیر زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا‘ کورنگی پہلوان ٹائون گلی نمبر 12 میں فائرنگ سے25 سالہ مجید زخمی ہوگیا‘ جسے طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

کراچی ( کرائم رپورٹر) صبح سویرے سپر مارکیٹ پولیس کی لیاری ایکسپریس وے پر کارروائی‘3 دہشت گرد گرفتار‘ اسلحہ واکی ٹاکی اور موٹر سائیکل برآمد‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح سپر مارکیٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر لیاری ایکسپریس وے پر کارروائی کرتے ہوئے3 دہشت گردوں کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا‘ پولیس نے ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ‘ واکی ٹاکی اور موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے‘ پولیس نے بتایا کہ دہشت گرد متعدد سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے‘ پولیس ملزمان سے مزید تفتیش کررہی ہے‘ اور ملزمان کی گرفتاری پریس کانفرنس میں ظاہر کی جائیگی‘ نبی بخش تھانے کی پولیس نے ایم اے جناح روڈ گل پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران مقابلے میں ملزم عدیل کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا‘ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

Tags: