وزیر بلدیات نے تمام ایڈمنسٹریٹر سے اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں

August 5, 2015 5:03 pm0 commentsViews: 20

تفصیلات ایک ہفتے میں جمع کرانے کو کہا گیا ہے، عباسی اسپتال کا دورہ، ایمرجنسی سمیت تمام وارڈ کا معائنہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی اور کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز، ٹی ایم اوز، اور ایم ڈی اے، ایل ڈی اے، ایس ڈی اے، ایچ ڈی اے اور تمام دیگر اداروں کے سربراہان کو سال 2014-15 کے دوران ترقیاتی اور غیر ترقیاتی کاموں کی مد میں کئے جانے والے اخراجات، آمدنی اور دیگر کاموں سمیت مکمل تفصیلات ایک ہفتہ کے اندر تحریری طور پر جمع کرانے کے احکامات جاری کر دئے ہیں۔ جبکہ اس سلسلے میں تمام محکموں کے افسران کو تحریری طور پر بھی آگاہ کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر نے منگل کو کراچی میں کے ایم سی کے زیر انتظام چلنے والے سب سے بڑے اسپتال عباسی شہید اسپتال کا بھی اچانک دورہ کیا۔ اور وہاں ایمر جنسی سمیت مختلف وارڈز کا دورہ کیا۔ جبکہ انہوں نے واٹر بورڈ کے مرکزی دفتر میں ملیر، گڈاپ اور دیگر دیہاتوں اور گوٹھوں میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ذریعہ جاری پانی کی اسکیموں کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی،۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک کے مابین بجلی کے بلوں کی مد میں ادائیگی کا معاملہ بڑی حد تک حل ہوگیا ہے تاہم اہم تنصیبات پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

Tags: