صدر، گڈاپ، گلبرگ اور منگھوپیر میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن

August 5, 2015 5:05 pm0 commentsViews: 25

بلدیہ عظمیٰ کے عملے نے صدر سے درجنوں ٹھیلے، پتھاروں، گنے کی مشینوں و دیگر سامان کو قبضے میں لے لیا
گڈاپ، گلبرگ اور منگھوپیر میں غیرقانونی تعمیرات مسمار، گجرنالے پر تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری
کراچی( اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے عملے نے صدر میں تجاوزات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے درجنوں ٹھیلے اور پتھاروں کو ضبط کر لیا۔ جس کے بعد صدر کے علاقے میں پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کی روانی بہتر ہوگئی۔ دوسری جانب گڈاپ ٹائون میں بھاری مشینری کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔ جبکہ گلبرگ میں گجر نالے پر تعمیر کر دہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی بھی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے صدر میں تجاوزات کے خلاف بھر پور آپریشن کرتے ہوئے عبداللہ ہارون روڈ، صدر اور زینب مارکیٹ کے دونوں طرف سڑک اور فٹ پاتھ کو ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کیلئے صاف کردیا۔ اور بھاری مشینری کی مدد سے گنے کی مشینیں، لوہے کے اسٹینڈز، کائونٹرز ، ٹھیلے اور دیگر سامان کو اٹھا کر کے ایم سی اسٹور میں جمع کر ا دیا۔ دریں اثناء بلدیہ کے عملے نے منگھو پیر میں بھاری مشینری کی مدد سے متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دیں۔ دوسری جانب گلبرگ کے علاقے میں گجر نالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف کارروائی منگل کو بھی جاری رہی۔ محکمہ بلدیات کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے گجر نالے کے ساتھ قائم کر دہ غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دیں۔ ساتھ ساتھ نالے کی صفائی کا عمل بھی جاری ہے۔ جس کے باعث پانی کی روانی بہتر ہوئی ہے۔

Tags: