اورنگی ٹائون، گھر کی گیلری میں کھڑی لڑکی گولی لگنے سے ہلاک

August 5, 2015 5:16 pm0 commentsViews: 27

گلی میں بچوں کی لڑائی کے بعد دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا، پولیس
کراچی(کرائم رپورٹر)فائرنگ کی زد میں آکر گھرکی گیلری میں کھڑی نوجوان لڑکی ہلاک ہوگئی،پولیس نے متعدد افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹرL/8میں رہائش پذیر وحید اور راشد کے بچوں کے درمیان کسی بات پرجھگڑا ہوا،تاہم اہل محلہ نے دونوں محلے داروں میں صلح کرادی ،ایس ایچ او مطیع اللہ کے مطابق بچوں کے درمیان جھگڑا تو ختم ہوگیاتھا، مگر وحید کی اہلیہ نے لیاری اور ناظم آباد میں رہائش پذیر اپنے رشتے داروں کو جھگڑے کی اطلاع دی جس پروہ لوگ طیش میں آکراورنگی ٹاؤن پہنچے تو ختم نہ ہونے والا جھگڑا پھر شروع گیا، گلی میں شورشرابا مچ گیااس دوران اہل محلہ بھی جمع ہوگئے اور گلی میں موجود گھروں کی چھت اور گیلری میں خواتین مذکورہ جھگڑا دیکھ رہے تھے اس دوران چلنے والی گولی گیلری میں کھڑی20 سالہ حسنہ بانو دختر نعمت اللہ کے سر میں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی،تاہم لیاری اور ناظم آباد سے آئے افراد موقع سے فرار ہوگئے۔

غریب آباد‘ مزاحمت پر 2 افراد زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر)شریف آباد کے علاقے غریب آباد نزد بلوچ ہوٹل کے پاس مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پردو افراد27 سالہ سجاد ولد شمشیراور20 سالہ عمر ولد مسعود کو گولی مار کر زخمی کردیا اور فرار ہوگئے،پولیس کے مطابق دونوں مضروب شاہ فیصل کالونی کے رہائشی ہیں۔

سیکورٹی گارڈ اتفاقیہ گولی چلنے سے زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر)کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے ویٹا چورنگی کے پاس نجی سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ32 سالہ صفدر ولد عبدالرشید اپنی ہی رائفل سے اتفاقیہ طور پر چلنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا،جسے علاج کیلئے اسپتال لایا گیا۔

مبینہ ٹائون میں گھر سے لاش ملی، گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک
ماڈل کالونی میں زیرتعمیر عمارت کی چھت پر کام کے دوران توازن بگڑنے سے مزدور گر کر زخمی ہوگیا
کراچی (کرائم رپورٹر) شہر میں ہونے والے حادثات و واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ ماڈل کالونی میں زیر تعمیر مکان کی چھت سے گر کر ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹائون کے علاقے قائد اعظم کالونی بنگلہ نمبر 215 سے 15 دن پرانی 65 سالہ ایمان اللہ ولد امانت کی لاش ملی ، پولیس نے لاش کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی گھر میں اکیلا رہائش پذیر تھا اور کئی دن سے بیمار سے تھا ، متوفی کے جسم پر کسی قسم کے تشدد کے نشانات موجود نہیں ہے ،وہ بیماری کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔ صدر تھانے کی حدود صدر تھانے کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 40سالہ پیرو ولد نعیم زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس کے مطابق واقعے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ماڈل کالونی میں زیر تعمیر عمارت کی چھت پر کام کے دوران توازن بگڑنے سے مشتاق ولد حیدر شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال پہنچایا گیا ۔ پولیس کے مطابق مضروب کی حالت تشویشناک ہے اور وہ پیشے سے مزدور ہے۔

فائرنگ کے واقعات میں
پولیس اہلکار سمیت 4 افراد زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) ابراہیم حیدری کے علاقے ریڑھی روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اصغر پائوں میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، گلبہار کے علاقے حاجی مرید گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر23 سالہ عظیم بلوچ ولد حیدر بلوچ زخمی ہوگیا ، پاپوش کے علاقے قبرستان کے پاس ڈکیتی مزاحمت پر 20 سالہ نعمان ولد جعفر زخمی ہوگیا، سولجربازار کے علاقے گرومندر کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ یعقوب ولد عبدالرحمن زخمی ہوگیا۔

Tags: