ڈیفنس میں کار پر فائرنگ، خاتون ہلاک، بیٹا بال بال بچ گیا

August 5, 2015 5:19 pm0 commentsViews: 20

کلاچی ہوٹل کے قریب چار مسلح موٹرسائیکل سواروں نے کار کو گن پوائنٹ پر روکا تھا
چھینا جھپٹی کے دوران فائرنگ سے 50 سالہ خاتون ہلاک ہوگئی، مقتول ڈاکٹر کی اہلیہ تھی
کراچی (کرائم رپورٹر) ڈیفنس کلاچی ہوٹل کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے کار سوار خاتون ہلاک ہوگئی،جبکہ ان کا بیٹا بال بال بچ گیا،مقتولہ ڈاکٹر کی اہلیہ بتائی جاتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 8 خیابان شاہین نزد کلاچی ہوٹل کے قریب سڑک کے یوٹرن پر موٹر سائیکل سوار چار ملزمان نے کار کو اسلحے کے زور پر روک لیا،ایس ایچ او غلام حسین پیرزادہ کے مطابق ملزمان نے خاتون سے چھینا جھپٹی کی اور مزاحمت پر فائرنگ کردی اوردو گولیاں لگنے کے نتیجے میں 50 سالہ خاتون مہرین زوجہ ڈاکٹر علی اصغر جاں بحق ہوگئی،جبکہ ان کا بیٹا حیدر علی واقعے میں بال بال بچ گیا،ایس ایچ او کے مطابق مقتولہ ڈیفنس فیز 6 کی رہائشی تھی جو اپنے بیٹے کے ہمراہ کلاچی ہوٹل دیکھنے کے بعد واپس جارہی تھی کہ واقعہ رونما ہوا،جبکہ جناح اسپتال میں موجود مقتولہ کے رشتے داروں نے میڈیا کو بتایا کہ مقتولہ کے شوہر علی اصغر کی صدر میں نوید کلینک ہے ،جبکہ مقتولہ کے والد بھی شہر کے ایک نجی اسپتال کے معروف ڈاکٹر بتائے جاتے ہیں،تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

Tags: