ہڑتال ناکام ہوئی تو FBR تاجروں کے منہ کا نوالہ بھی چھین لے گا‘ عتیق میر

August 5, 2015 5:19 pm0 commentsViews: 28

ودہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے شیخ حبیب‘ تاجر برادری آج کی ہڑتال کامیاب بنائے جامع الائنس
کراچی تاجر اتحاد آج نمائش چورنگی سے پریس کلب تک کار ریلی نکالے گی تاجر برادری اور عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل
کراچی( کامرس رپورٹر) بینک ٹرانزکشن کیخلاف ہڑتال ہماری احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے کی کامیابی اب شہر کے تاجروں پر منحصر ہے‘ ناکامی کی صورت میں ایف بی آر کے راشی بھیڑیئے تاجروں کے منہ کا نوالہ بھی چھین لیں گے‘ یہ بات کراچی تاجرا تحاد کے چیئرمین عتیق میر نے گزشتہ روز ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں کہی انہوں نے تاجروں سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کی زندگی اور موت کے اس معاملے پر اتحاد اور یکجہتی کا ثبوت دیتے ہوئے بدھ کو اپنی مارکیٹیں اور بازار مکمل بند رکھیں‘سندھ تاجر اتحا دکے چیئرمین حبیب شیخ نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کو حکومت کا ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ بینک ٹرانزیکشن پر 0.3 فیصد کے مکمل خاتمے تک سندھ تاجر اتحاد تاجروں کے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی‘ تاجروں سے ہڑتال کی کامیابی کی اپیل کرتے ہوئے چیئرمین جامع الائنس نے بتایا کہ ہمارے موقف سے متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی نے اتفاق کرتے ہوئے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے‘ چیئرمین پاکستان کنفیکشنری ایسوسی ایشن جاوید حاجی عبداللہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت امانت میں خیانت کی مرتکب ہورہی ہے‘ چھوٹے تاجر مختصر سرمایہ کاری کے ذریعے اپنا روزگار چلانے پر ٹرانزیکشن فیس کے نام پر ان سے بھتہ وصولی کسی طور قابل قبول نہیں‘ چیئرمین کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ آج سہ پہر 3بجے نمائش تا پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جائیگی‘ اس موقع پر شہر کے500 سے زائد نمائندگان نے ہڑتال میں شمولیت کا اعلان کیا جن میں صدر‘ طارق روڈ‘ کارڈیلرز ایسوسی ایشن ‘کلفٹن ڈیفنس پراپرٹی ڈیلرز اولڈ سٹی ایریا‘ حاجی کیمپ کی مارکیٹیں‘ گل پلازہ سندھ آٹوز فرنیچر ڈیلرز گروپ‘ آئرن مارکیٹیں گارڈن آئل مارکیٹ‘ لیاقت آباد ‘حیدری‘ ملیر شاہ فیصل ‘لانڈھی ‘اورنگی‘ کورنگی کی مارکیٹیں شامل ہیں۔

Tags: