دہشت گردوں سے رابطے رکھنے والے48 مدارس کی نشاندہی

August 6, 2015 4:03 pm0 commentsViews: 22

سندھ بھر میں167 غیر قانونی مدارس کو سیل کر دیا گیا اب تک3087 مدارس غیررجسٹرڈ ہیں
غیر قانونی مدارس کیخلاف آپریشن شروع کرنے کا پروگرام بنا لیا ہے، آئی جی سندھ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایپکس کمیٹی کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل سندھ پولیس غلام حیدر جمالی نے بتایا کہ صوبے میں9590مدارس رپورٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 6503 رجسٹرڈ جبکہ3087 غیر رجسٹرڈ اور167 غیر قانونی مدارس کو سیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حساس اداروں نے صوبے بھر 48 ایسے مدارس کی نشاندہی کی ہے جن کے روابط دہشت گردوں یا کالعدم تنظیموں کے ساتھ ہیں جن میں سے24 کراچی میں ہیں ۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو کی جانب سے علماء کو مدارس کی رجسٹریشن کرانے پر آمادہ کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ ان کی فورس صوبے میں کسی بھی غیر رجسٹرڈ، غیر قانونی مدارس کے خلاف ایکشن لینے کیلئے تیار ہے۔ اور انہوں نے اس ضمن میں پہلے ہی غیر قانونی مدارس کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا پروگرام بنا لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے معاونین خصوصی نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی مدارس کی چھان بین اور قانونی طور پر رجسٹریشن کرنے کے حوالے سے ایک پانچ نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا ہے۔

Tags: