تاجروں کی ہڑتال کامیاب رہی تجارتی مراکز بند رہے، عتیق میر

August 6, 2015 4:59 pm0 commentsViews: 27

ہڑتال کی کامیابی پر مبارکباد، احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت پر اظہار تشکر
کراچی( اسٹاف رپورٹر) بینک ٹرانزیکشن پر 0.3 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تاجروں کی ہڑتال کامیاب ہوگئی۔ شہر کے تمام اہم اور بڑے تجارتی مراکز بند رہے۔ آج بروز بدھ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئر مین عتیق میر نے شہر کی مارکیٹوں کا دورہ کرنے کے بعد اپنے دفتر مین مختلف تاجر نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے ہڑتال کی کامیابی پر مباک باد پیش کی۔ اور احتجاجی کار ریلی میں بھر پور شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری نے آل کراچی تاجر اتحاد کی اپیل پر شٹر ڈائون ہڑتال کرکے بینک ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ اس موقع پر اکرم رانا، انصار بیگ قادری، طارق میر، زبیر علی خان، شیخ ارشاد، دلشاد بخاری، خالد نور، کلیم انصاری، عبالحئی خان، ملک اسلم جاوید کارڈیلرز ایسوسی ایشن کے عادل خان اور دیگر نے شرکت کی۔ عتیق میر نے شہر کے اہم ترین تجارتی علاقوں میں واقع مارکیٹوں کے تاجروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ بھی ایسی ہی یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا تو انشاء اللہ ہم اپنے نیک مقصد میں ضرور کامیاب ہونگے، انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ہم احتجاج کے ساتھ ساتھ حکومت سے ٹیکسیشن اصلاحات پر بات چیت بھی کر رہے ہیں۔

Tags: