شہر میں چنگ چی رکشائوں کیخلاف پولیس کا آپریشن

August 6, 2015 5:05 pm0 commentsViews: 21

شہر کے مختلف علاقوں سے82 رکشہ ضبط کرکے40 ڈرائیوروں کو گرفتار کر لیا گیا
چنگ چی رکشائوں کے15 سے زائد اڈے بھی عدالت کے حکم کے بعد ختم کر دیئے گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے چنگ چی رکشہ پر پابندی عائد کئے جانے کے بعد کراچی ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے82سے زائد چنگ چی رکشائوں کو ضبط کرکے40ڈرائیورز کو گرفتار کرلیا جبکہ 15سے زائد چنگ چی اڈوں کو بھی ختم کردیا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے چنگ چی رکشائوں پر پابند عائد کئے جانے کے فیصلے کے بعد کراچی ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چنگ چی رکشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں ،سیکشن افسر گلشن اقبال ٹریفک سیکشن سب انسپکٹر نثار کے مطابق انہوں نے کارروائی کرتے ہوئے40چنگ چی رکشوں کو ضبط کرکے 10ڈرائیوروں کو113ایم وی او کے تحت گرفتار کرکے فی گاڑی1ہزار روپے جرمانے بھی کئے جبکہ گلشن ٹریفک سیکشن پولیس نے گلشن چورنگی ،نیپاچورنگی ،سمامہ شاپنگ مال کے قریب واقع5چنگ چی اڈوں کو ختم کردیا ،جبکہ ایمپریس مارکیٹ ،بلدیہ ،نارتھ ناظم آباد ،سرجانی ٹاؤن ،ملیر سٹی سمیت دیگر ٹریفک پولیس سیکشن نے بھی چنگ چی رکشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے گاڑیوں کو ضبط کیا اور ڈرائیورز کو گرفتار کرتے ہوئے اڈوں کو ختم کیا ہے۔

Tags: