پاک کالونی میں منشیات فروش قتل کورنگی میں مسجد سے گلا کٹی لاش ملی

August 6, 2015 5:24 pm0 commentsViews: 28

پاک کالونی حسن اولیاء ویلج کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے ایک اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گیا
قیوم آباد ندی کے قریب واقع مسجد کے صحن سے ملنے والی لاش کے قریب سے پولیس کو چھری بھی ملی ہے جس سے قتل کیا گیا‘ پولیس تفتیش کررہی ہے
کراچی (کرائم رپورٹر)پاک کالونی میں فائرنگ سے ایک منشیات فروش ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، کورنگی سے ذبح شدہ لاش ملی ۔ تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے حسن اولیاء ویلج کے ایم سی کوارٹر کے پاس موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے ، فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد 25سالہ شہزاد ولد سلیم اور 26 سالہ بلال ولد دوست محمد زخمی ہوگئے ، پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچا رہے تھے کہ خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے شہزاد نے راستے میں دم توڑ دیا، اس ضمن میں ایس ایچ او رحمت اللہ کا کہنا ہے کہ مقتول علاقے میں منشیات فروخت کرتا تھا اور جہان آباد کے علاقے مگسی پاڑہ کا رہائشی اور لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ گروپ کا کارندہ اور پولیس کو مختلف کیسوں میں مطلوب تھا۔قبل ازیں کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے قیوم آباد ندی کے قریب واقع مسجد کے صحن سے 30 سالہ شخص کی گلا کٹی لاش ملی ، پولیس نے لاش کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے جناح اسپتال پہنچایا، اس سلسلے میں ایس ایچ او شوکت علی شاہ کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش کے پاس سے ایک چھری ملی ہے جس سے مقتول کو قتل کیا گیا ہے ، مقتول کے کپڑوں سے پرچی ملی ہے جو بلوچستان کے کسی دارالعلوم کی ہے جہاں مقتول نے 100روپے چندا دیا تھا ، جبکہ مقتول کی جیب سے تبلیغی جماعت کا دعوت نامہ ملا ہے جس میں مقتول کا نام عبداللہ لکھا ہوا ہے اور کورنگی نمبر 1 نورانی بستی کا ایڈریس درج ہے ، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔

Tags: