متحدہ کا بھارت کو خط لکھنا ملک دشمنی ہے، خواجہ آصف

August 7, 2015 4:48 pm0 commentsViews: 30

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر معافی مانگنے کا فیصلہ تحریک انصاف خود کرے، وزیردفاع
اسلام آباد( آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا بھارتی کمشنر کو خط لکھنا ملک سے دشمنی اور غداری ہے ایسا کرنے والوں کو پاکستانی نہیں سمجھتا حالات چاہے جو بھی ہوں دشمن کا دروازہ نہیں کھٹکھٹانا چاہئے۔ جو بھی پاکستانی شخص بھارت کا دروازہ کھٹکھٹائے وہ ملک دشمن تصور ہوگا۔ تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک کے حوالے سے ایم کیو ایم اور جے یو آئی ( ف) نے غیر مشروط طور پر قرار داد واپس لے لی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر قوم سے معافی مانگنے کا فیصلہ تحریک انصاف خود کرے، پی ٹی آئی اگر اپنے رویے پر معذرت کریگی تو اس کا بہتر اثر پڑے گا۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی جارحیت اور مداخلت کے معاملات اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ پاک بھارت مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے یہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے اپنی تقاریر میں پاک فوج کے خلاف جو زبان استعمال کی وہ قابل مذمت ہے اس پر دو رائے نہیں ہو سکتیں۔ اس کی ہم مذمت کرتے ہیں لیکن ایم کیو ایم پارلیمنٹ میں نمائندگی رکھنے والی جماعت ہے۔ اس لئے اس سے رابطہ رکھنا حکومت کی ضرورت ہے۔

Tags: