اسٹیل ملز کالونی سے اغواء لڑکی بازیاب، ملزم ہلاک

August 7, 2015 5:11 pm0 commentsViews: 33

پولیس مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد5 ملزمان کار میں بیٹھ کر فرار ہوگئے
ملزمان نے زبردستی کی شادی کا بدلہ لینے کیلئے لڑکی کو اغواء کیا تھا، پولیس کی بروقت کارروائی
ٹھٹھہ، سجاول ( نیوز ڈیسک) مکلی کی اسٹیل ملز کالونی سے دن دہاڑے مسلح افراد نے گھر میں گھس کر نوجوان لڑکی کو اغواء کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو دوپہر بارہ بجے مکلی اسٹیل ملز کالونی میں2 کاروں میں سوار6 مسلح افراد آئے اور اسٹیل ملز کے ملازم عزیز کھوسو کے گھر میں گھس کر نوجوان لڑکی شبنم کھوسو کو اغواء کرلیا۔ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، فائرنگ سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تھانیدار نے پولیس پارٹی کے ہمراہ اغواء کاروں کا تعاقب کیا اور پورے علاقے کی ناکہ بندی کرا دی پولیس کو دیکھ کر 5 ملزمان کار میں بیٹھ کر فرار ہوگئے جبکہ دوسری کار میں موجود ایک شخص نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی اور کار چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ جوابی فائرنگ میں ملزم امین سموں ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے کار سے لڑکی کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس کے مطابق شبنم کے بھائی نے ثریا بروہی نامی لڑکی سے زبردستی شادی کی تھی جس کا بدلہ لینے کیلئے ثریا کے بھائی شوکت بروہی اور دیگر نے واردات کی مگر ناکام ہوگئے۔

Tags: