FIA اور نیب صوبائی حکومت پر حملہ آور ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

August 7, 2015 5:12 pm0 commentsViews: 22

کرپشن کے نام پر ٹارگٹ اور میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، وکلاء سے مشاورت کر رہے ہیں، قانونی کارروائی کریں گے
کوئی محب وطن بھارت کو خط لکھے گا نہ خط لکھنے کیلئے کہے گا، قائم علی شاہ کی نثار کھوڑو ، مراد علی شاہ و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی ایجنسیاں، ایف آئی اے اور نیب صوبائی حکومت پر حملہ آور ہیں۔ کرپشن کے نام پر ٹارگٹ اور میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ وکلاء سے مشاورت کر رہے ہیں۔ قانونی چارہ جوئی کریں گے رینجرز نے شکار پور میں بھی چھاپے مارے ہیں ایسا کیا ہوگیا جو رینجرز اتنی متحرک ہوگئی؟ ایم کیو ایم کے خط کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ کوئی محب وطن شخص بھارت کو مداخلت کیلئے نہیں کہے گا اور نہ ہی خط لکھے گا۔ وہ جمعرات کو سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات و آبپاشی نثار کھوڑو، وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ سندھ حکومت کی کارکردگی اچھی نہیں ہے یہ تاثر بالکل غلط ہے ایف آئی اے نے کبھی صوبوں میں مداخلت نہیں کی تھی اور سندھ میں اچانک ایسا کیا ہوگیا کہ نیب اور ایف آئی اے اتنی متحرک ہوئی ہیں۔ وفاقی حکومت کو ہمارے حقوق کا تحفظ کرنا چاہئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایف آئی اے نے سوک سینٹر پر چھاپہ مارا اور ایک دو فائلوں کے لئے 4سے5 ہزار فائلیں اٹھا کر ٹرک میں ڈال کر لے گئے اس پر ہم وکلاء سے مشاورت کر رہے ہیں جلد قانونی چارہ جوئی کریں گے قائم علی شاہ نے کہا کہ میرے ایف آئی اے سے متعلق تحفظات تھے کیونکہ ان کو یہاں نہیں آنا چاہئے تھا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چھوٹا موٹا وکیل ہوں کریمنل لاء تو یہ کہتا ہے کہ کوئی گناہ ہوا ہے تو پہلے ایف آئی آر کٹوائی جائے۔ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔

Tags: