جمہوری دور میں انصاف کی فراہمی ممکن نہیں ہے، ذوالفقار مرزا

August 7, 2015 5:13 pm0 commentsViews: 28

فوجی عدالتوں کے قیام سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا، بہن بھائی کی گمشدگی کا اشتہار شائع کرانا ہوگا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے خلاف بدین میں درج مقدمات کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ درخشاں اور آرام باغ تھانوں میں درج مقدمات کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے خلاف بدین میں درج4 مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر1 میں ہوئی۔ راولپنڈی میں سیشن جج کے قتل کے باعث وکلاء عدالت میں پیش نہ ہوئے جس کی وجہ سے عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ جمہوری دورمیں انصاف کی فراہمی نا ممکن ہے۔ فوجی عدالتوں کے قیام سے دہشت گردی کاخاتمہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ 4 سال قبل ہی کہہ دیا تھا کہ متحدہ کے قائد الطاف حسین بھارت کے تنخواہ دار ہیں۔ آصف زرداری، فریال تالپور کے بیرون ملک ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں ذوالفقار مزا نے کہا کہ لگتا ہے کہ دونوں بہن بھائی کی گمشدگی کا اشتہار شائع کرانا پڑے گا۔