کراچی میں اربوں روپے کی اراضی کی تحقیقات پر نیب اور ایف آئی اے تقسیم

August 7, 2015 5:17 pm0 commentsViews: 28

غیرقانونی آمدنی کی تحقیقات ایف آئی اے اور قبضے میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائی نیب کے سپرد
چوہدری نثار سے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر شاہد حیات کی ملاقات، تحقیقات کے بارے میں آگاہ کیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں اربوں روپے کی زمین ہتھیانے کی تحقیقات ایف آئی اے اور نیب حکام میں تقسیم کر دی گئی، زمینوں پر قبضے سے حاصل ہونے والی غیر قانونی آمدنی کی تحقیقات ایف آئی اے جبکہ قبضے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا اختیار نیب کے سپرد کر دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور انہیں کے ایم سی کے لینڈ ڈپارٹمنٹ سے قبضے میں لی گئی فائلوں پر اب تک ہونے والی تحقیقات سے آگاہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کراچی کی زمینوں پر تحقیقات شروع کرنے کے عمل کے بعد کے ایم سی لینڈ ڈپارٹمنٹ سے قبضے میں لی گئی فائلوں کو ایف آئی اے اور نیب میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ قبضے میں لی گئی فائلوں کی تحقیقات کی روشنی میں زمینوں پر قبضے کے دوران حاصل ہونے والی آمدنی حاصل کرنے والے افراد کے خلاف تحقیقات ایف آئی اے کرے گی اور منی لانڈرنگ کے مقدمات قائم کرکے کارروائی کرے گی جبکہ زمینوں پر قبضے میں ملوث ملزمان کے خلاف قومی احتساب بیورو کے حکام کارروائی کریں گے۔