شہر میں بجلی و پانی کی عدم فراہمی کیخلاف مظاہرے، ٹریفک جام

August 7, 2015 5:21 pm0 commentsViews: 19

سولجر بازار کے مشتعل مکینوں نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا، ہر گھنٹے کے بعد تین گھنٹے کیلئے بجلی منقطع کر دی جاتی ہے، مظاہرین
حسن ولیج، گٹر باغیچہ اور جامعہ کراچی کے اسٹاف کالونی کے مکینوں کا پانی کی بندش کیخلاف احتجاج، پولیس نے مذاکرات کرکے ٹریفک بحال کرا دی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف مقامات پر مشتعل افراد نے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر سڑکوں پر ٹائر نذر آتش کرکے سڑکیں بلاک کر دیں جس کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔ سولجر بازار کے مشتعل مکینوں نے نشتر روڈ پر ٹائر نذر آتش اور رکاوٹیں کھڑی کر کے روڈ بلاک کر دیا جس کے باعث ایم اے جناح روڈ اور متصل لنک روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا۔ مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ سولجر بازار 1، 2، 3 اور گارڈن کے چند علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ سولجر بازار کے مذکورہ علاقوں میں گزشتہ رات سے ہر ایک گھنٹے بعد تین گھنٹے کیلئے بجلی منقطع کی جا رہی ہے۔ جس کی وجہ سے مکین پانی سے محروم ہوگئے ہیں۔ پاک کالونی کے علاقے حسن ولیج کے مشتعل مکینوں نے گٹر باغیچہ روڈ اور جامعہ کراچی میں قائم اسٹاف کالونی کے مشتعل مکینوں نے روڈ پر ٹائر نذر آتش کرکے پانی کی بندش کے خلاف واٹر بورڈ کے عملے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اس دوران دونوں مقامات پر ٹریفک جام ہوگیا گلشن غازی کے مکینوں نے بجلی کی بندش کے خلاف مظاہرہ کیا۔ تاہم پولیس نے مذکورہ مقامات پر احتجاج کرنے والے مشتعل افراد کو بات چیت کے ذریعے منتشر کر دیا اور ٹریفک دوبارہ بحال کرا دی۔

Tags: