سعودی عرب کی مسجد میں خودکش حملہ،17نمازی شہید

August 7, 2015 5:25 pm0 commentsViews: 18

دھماکہ اس وقت ہوا جب مسجد میں سعودی اسپیشل فورسز کے اہلکارنماز ادا کررہے تھے
سیکورٹی فورسز نے علاقے کا گھیرائو کرلیا، پاکستان کی جانب سے حملے کی مذمت
ریاض ( مانیٹرنگ ڈیسک ) سعودی عرب میں مسجد کے اندر خود کش حملے کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جنوب مغربی شہر اسیر میں خود کش بمبار نے مسجد میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ جس کے نتیجے میں17 نمازی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب مسجد میں سعودی اسپیشل فورسز کے اہلکار نماز ادا کر رہے تھے۔ سعودی وزارت داخلہ کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہدف پولیس کے زیر تربیت اہلکار ہی تھے۔ زخمیوں کو اسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کا گھیرائو کر لیا اور سیکورٹی سخت کر دی گئی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے صوبے القطیف میں بھی گزشتہ ماہ خود کش حملے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ پاکستان نے خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔