چنگ چی رکشوں پر پابندی کیخلاف احتجاجی مظاہرے

August 7, 2015 6:09 pm0 commentsViews: 44

نیشنل ہائی وے پر چنگ چی رکشوں کے ڈرائیوروں کے مظاہرے کے باعث ٹریفک جام، گاڑی کی طویل قطاریں لگ گئیں
عدالت فیصلے پر نظر ثانی کرے، پابندی ناگزیر ہے تو حکومت فوری طو رپر متبادل روزگار کا بندوبست کرے، مظاہرین کا مطالبہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) چنگ چی رکشوں پر پابندی کیخلاف مختلف مقامات پر ڈرائیورز نے مظاہرے کئے نیشنل ہائی وے اور لی مارکیٹ میں سینکڑوں کی تعداد میں مشتعل چنگ چی ڈرائیورز نے سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کرکے عدالتی فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا‘ متاثرہ ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ گھر کی کفالت کیلئے چنگ چی چلاتے ہیں‘500 سے 600 آمدنی ہوجاتی ہے‘عدالتی فیصلے سے گھر کے چولے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں‘ تفصیلات کے مطابق چنگ چی رکشوں پر پابندی کے عدالتی فیصلے کیخلاف چنگ چی رکشے کے مشتعل ڈرائیورز نے اپنے رکشوں کے ہمراہ نیشنل ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ کیا‘ مظاہرے میں لگ بھگ 100 سے زائد رکشے اور متعدد افراد موجود تھے‘ مظاہرین نے گلشن حدید ملیر پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا او انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ چنگ چی رکشوں کی بحالی کیلئے کردار ادا کرے‘ بصورت دیگر ہزاروں لوگ روزگار سے محروم ہوجائیں گے‘ مذکورہ مظاہرے کے نتیجے میں نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوگئی‘ مذکورہ احتجاج کے باعث اندرون ملک جانیوالی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ‘ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس افسران پہنچے اور مظاہرین کو مذاکرات کے بعد منتشر کیا اور ٹریفک کی روانی کو بحال کرایا‘ لی مارکیٹ اور بہار کالونی کے رہائشی ڈرائیورز نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا‘ اگر چنگ چی رکشوں پر پابندی لگانا ناگزیر ہے تو حکومت فوری طور پر ہمیں متبادل روزگار فراہم کرنے کا بندوبست کرے‘ ہم عدالت سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ چنگ چی رکشوں پر پابندی سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

Tags: