پولیس کے مبینہ مقابلوں میں4 ملزمان ہلاک، بم برآمد کرنے کا دعویٰ

August 7, 2015 6:10 pm0 commentsViews: 26

لیاری میں عذیر گروپ کے کارندے مارے گئے، پولیس نے 3 دن قبل حراست میں لیا تھا، اہل خانہ
فیروز آباد پولیس سے مقابلے میں2 ڈاکو ہلاک ہو گئے، قبضے سے مسروقہ سامان اور موٹر سائیکل برآمد
کراچی( کرائم رپورٹر) پولیس نے مبینہ مقابلوں میں4 ملزمان کو ہلاک کردیا جبکہ2 ملزمان کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے دونوں کو 3 روز قبل حراست میں لیا تھا اور ان کو جعلی مقابلے میں ہلاک کیا ہے‘ تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ پولیس نے لیاری کے علاقے رانگی واڑہ تغلق لین میں مبینہ مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر گروپ کے کمانڈر شیراز کامریڈ کے2 کارندوں عامر عرف ٹوپی اور عمران عر ف بالاچ کو ہلاک کردیا‘ جن کے قبضے سے اسلحہ ‘دستی بم ‘ آوان بم و دیگر آتش گیر مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے‘ جن کی لاشیں پولیس نے سول اسپتال منتقل کردیں۔ ایس ایچ او صفورا مشوانی کے مطابق ہلاک ہونیوالے ملزمان پولیس اہلکار سمیت 20 افراد کے قتل ‘ اغواء برائے تاوان‘ بھتہ خوری اور پولیس مقابلوں میںپولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔ ملزمان مواچھ گوٹھ کے رہائشی تھے۔ ہلاک ہونیوالے کارندوں کے اہل خانہ سول اسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے3 روز قبل انہیں حراست میں لیا تھا اور جعلی مقابلے میں ہلاک کردیا۔ فیروز آباد پولیس نے جھیل پارک والی گلی میںلوٹ مار کرنے والے دو ملزمان کومقابلے کے دوران شدید زخمی کردیا اورانکے قبضے سے اسلحہ ،مسروقہ سامان اورموٹر سائیکل نمبرKAA1961برآمد کرلی ،پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کو جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ دونوںملزمان زخموں کو تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے ،ایس ایچ او اقبال نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مخبر خاص نے پولیس کو بتایاکہ ماہ رمضان المبارک میں شام کے اوقات میں طارق روڈ پر ایک شخص قتل ہوا تھا یہ ملزمان اس قتل میں ملوث تھے ،تاہم پولیس ملزمان کی شناخت کے حوالے تفتیش کررہی ہے۔

Tags: