کراچی آپریشن مکمل طور پر غیر سیاسی اور بلاامتیاز ہے‘ کور کمانڈر

August 8, 2015 4:25 pm0 commentsViews: 19

آپریشن کے اہداف کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے دہشت گردوں کے مالی معاونین سہولت کار اور مالی مدد گاروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائیگا
کراچی کا امن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کا نتیجہ ہے‘ رینجرز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کے موقع پر خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن ہر طرح کی مصلحت اور دبائو سے آزاد ہے۔ آپریشن کے اہداف کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ کور کمانڈر کراچی نے جمعہ کو رینجرز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن مکمل طور پر غیر سیاسی اور بلا امتیاز ہے آپریشن کے اہداف دہشت گردی ان کے معاونین، سہولت کار اور مالی مدد گار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز سرحدوں کی محافظ ہونے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف ہر اول دستہ بھی ہے۔ کراچی آپریشن رینجرز کی عمدہ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کراچی کا امن رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ شہر میں حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ کور کمانڈر کراچی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم نے عوام کے ساتھ مل کر لڑنی ہے عوام اپنے ارد گرد کے حالات اور واقعات پر نظررکھیں انہوں نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ ایک قابل ستائش ادارہ ہے۔ رینجرز کی کامیابی کا سہرا اعلیٰ قیادت اور عمدہ ٹریننگ کے سر جاتا ہے۔

Tags: