اسکول وین نیلے رنگ اور بغیر سلنڈر کے ہونگی‘ ڈی آئی جی ٹریفک

August 8, 2015 4:44 pm0 commentsViews: 35

21 اگست سے خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور‘ اٹینڈنٹ اور مالک کو گرفتار اور وین ضبط جبکہ اسکول مالکان کیخلاف کارروائی ہوگی
دوسرے مرحلے میں اسکول وین کی تمام ذمہ داری اسکولوں پر ہوگی‘خلاف ورزی پر رجسٹریشن منسوخ اور اسکول سیل کردیا جائے گا
کراچی( کرائم ڈیسک) ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر امیر شیخ نے اسکول وین کے قواعد و ضوابط کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ21 اگست سے خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور، اٹینڈنٹ اور مالک کو گرفتار جبکہ وین ضبط اور اسکول مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں اسکول وین کی تمام ذمہ داری اسکول پر ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ اور اسکول سیل کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ کراچی کے تمام اسکول وین نیلے رنگ کی ہونگی جنہیں ٹریفک قوانین میں خصوصی پروٹوکول حاصل ہوگا۔ وین میں کسی بھی قسم کا سلنڈر نہیں ہوگا۔ صرف پیٹرول اور ڈیزل پر چلے گی۔ سوزو کی پک اپ پر بنائی گئی اسکول وین جرم ہوگا۔ وین میں ایک اٹینڈنٹ ہوگا، بچوں کو وین میں بٹھا کر پیٹرول پمپ جانا جرم ہوگا، وین میں بیٹھنے کی گنجائش سے زیادہ بچے لادنا جرم ہوگا، وین میں گانے بجانا اور ڈرائیور اور اٹینڈٹ کا سگریٹ پینا جرم ہوگا۔ ڈاکٹر امیر شیخ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والے وین کے ساتھ پولیس موبائل جائے گی تمام بچوں کو ان کے گھروں پر اتار کر ڈرائیور اور اٹینڈنٹ کو گرفتار اور وین ضبط کر لی جائے گی۔

Tags: