کابل،24 گھنٹوں میں دوسرا خودکش حملہ،20 افراد ہلاک

August 8, 2015 4:47 pm0 commentsViews: 22

پولیس کی وردی پہنے خودکش حملہ آور نے پولیس اکیڈمی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا
کابل( مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں 24 گھنٹوں میں دوسرے خود کش حملے میں مزید20 افراد ہلاک ہوگئے۔ افغان دار الحکومت کابل میں پولیس اکیڈمی کے پاس خود کش دھماکہ کیا گیا۔ واقعہ رات گئے اس وقت پیش آیا جب کیڈٹ اپنی دو روزہ تعطیلات کے بعد اکیڈمی واپس آرہے تھے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ ایک پیدل خود کش حملہ آور نے خود کو اکیڈمی کے پاس دھماکے سے اڑا لیا۔ ایک سیکورٹی عہدیدار نے نام چھپانے کی شرط پر بتایا کہ حملہ آور نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی اور کسی طرح کیڈٹس گروپ کے قریب جانے میں کامیاب ہوگیا جس کے بعد اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ کابل کے ڈپٹی پولیس چیف گل آگا روحانی نے خود کش حملے کی تصدیق کی مگر ممکنہ ہلاکتوں پر بات کرنے سے انکار کردیا۔ کسی گروپ کی جانب سے ابھی تک اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

Tags: