الطاف حسین نے بھارتی ہائی کمشنر کو کوئی خط نہیں لکھا، متحدہ

August 8, 2015 4:48 pm0 commentsViews: 27

بعض مخالف سیاسی رہنمائوں اور میڈیا کے مختص طبقہ کی جانب سے پروپیگنڈا سر اسر غلط ہے، ترجمان
لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے بعض مخالفین کی جانب سے گزشتہ روز رابطہ کمیٹی کے ارکان کے سفارتکاروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھیجے جانے والے خط کو قائد تحریک الطاف حسین سے منسوب کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ الطاف حسین کی جانب سے بھارتی حکومت یا اسلام آباد میں موجود بھارتی ہائی کمشنر کو کوئی خط نہیں لکھا گیا اور اس بارے میں بعض مخالف سیاسی رہنمائوں اور میڈیا کے ایک مخصوص حلقہ کی جانب سے کیا جانے والا پروپیگنڈا سراسر غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز جس خط کا ذکر کیا گیا تھا وہ الطاف حسین کا نہیں بلکہ رابطہ کمیٹی کے تین نئے ارکان کی جانب سے تھا جس کے بارے میں گزشتہ روز ہی یہ وضاحت کی جا چکی ہے یہ خط انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ پچاس سے زائد ملکوں کے سفارتکاروں کو بھیجا گیا تھا اور ایک دفتری غلطی کی وجہ سے انڈین ہائی کمشنر کو بھی ارسال کر دیا گیا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ بھارت کو خط لکھنا پارٹی کی پالیسی کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کو خط تکنیکی غلطی کی وجہ سے گیا ہے۔

Tags: