تاوان، قتل، فائرنگ، رہزنی، ، پارکنگ مافیا اور دیگر جرائم و الزامات میں گرفتاریاں

August 8, 2015 4:52 pm0 commentsViews: 22

اغوا کاروں نے مزمل کی رہائی کے بدلے10 لاکھ تاوان طلب کیا تھا، پولیس
پولیس نے بچہ کو تاوان کی ادائیگی کے بغیر بازیاب کرا لیا، غیر معیاری غذا ملنے پر بچے کی حالت غیر ہو گئی
کراچی( کرائم ڈیسک) پولیس اور سی پی ایل سی کی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ابراہیم حیدری سے اغواء ہونے والے کمسن بچے کو بازیاب کرتے ہوئے ایک اغواء کار کو گرفتار کرلیا، اغوا کاروں نے10 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اے وی سی سی، اسپیشلائز انویسٹی گیشن یونٹ اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم امتیاز گل کو گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے ابراہیم حیدری کے علاقے سے چند روز قبل گرائونڈ میں کھیلنے والے3 سالہ مزمل ولد عبدالغفور کو اغواء کرکے ایک مقام پر قید کیا ہوا ہے۔ ایس پی فاروق اعوان کے مطابق بچے کو کسی قسم کے تاوان کی ادائیگی کے بغیر بازیاب کرایا ہے جبکہ دوسرے اغواء کار کی تلاش جاری ہے، بچے کو جس مقام پر رکھا گیا تھا، وہاں کی حالت بہت گندی تھی اور معیاری غدا نہ ملنے اور خراب ماحول کے باعث بچے کی حالت بہت خراب ہوگئی تھی۔

چوبیس گھنٹوں میں107 ملزمان گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے تینوں زون کی پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میںچھاپہ مار کارروائیوں اور مقابلوں کے بعد107ملزمان کو گرفتارکرلیا، گرفتارملزمان میں2 بھتہ خور 2ڈکیت ،1 دہشت گرد ، غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں20 ملزمان،امتنائے منشیات ایکٹ کے تحت18 ملزمان،12 مفرورو اشتہاری جبکہ دیگرجرائم میں ملوث52 ملزمان شامل ہیں، جن کے قبضے سے17 پستول ،1 ہینڈ گرنیڈاوربڑی مقدارمیں منشیات برآمدہوئی ہے ،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

جرگہ کے حکم پر لڑکی اور لڑکا قتل، باپ اور چچا گرفتار
پولیس نے جولائی میں سوک سینٹر اور پرانی سبزی منڈی سے ملنے والی لڑکی اور لڑکے کی لاشوں کا معمہ حل کرلیا
دونوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، فیصلہ پی آئی بی میں ہونے والے جرگہ میں سنایا گیا تھا
کراچی(کرائم رپورٹر)ایسٹ انویسٹی گیشن پولیس نے ماہ جولائی میں لڑکی اورلڑکے قتل میں ملوث لڑکی کے باپ اور چچا کو گرفتار کرلیا ،جبکہ شوہر و دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ ذوالفقار مہر نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایاکہ ماہ جولائی میںسوک سینٹراورپرانی سبزی منڈی سے ملنے والی لڑکے اور لڑکی کی لاشوں کا معمہ حل ہوگیاہے۔پولیس نے دونوں افراد کے قتل میں ملوث مقتول لڑکی کے والد اور چچا کوگرفتار کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق دونوں افراد کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھا۔ایس ایس پی ذوالفقار مہرنے بتایاکہ جولائی کے مہینے میں16 سالہ لڑکی بختیا کی لاش سوک سینٹرجبکہ محمد ابراہیم نامی شخص کی لاش پی آئی بی کالونی، پرانی سبزی منڈی کے قریب سے ملی تھیں جن کے مقدمات بالترتیب تھانہ عزیز بھٹی اور تھانہ پی آئی بی کالونی میں درج کئے گئے تھے۔مقتول لڑکی کے شوہر کو شک تھا کہ اسکی بیوی کے ابراہیم کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں جس پر اس معاملے پرپی آئی بی کالونی میں ایک جرگہ ہوا ،جرگہ میں مقتول لڑکی کا والد بخت شیر،اسکا چچا انور شیر،لڑکی کا شوہرانور گائے ،لڑکی کا سسرحبیب گائے، بھائی محمد رسول اور فضل رسول موجود تھے جہاں پر یہ فیصلہ ہوا کہ دونوں کو قتل کیا جائے۔ ملزمان نے پولیس کوگمراہ کرنے کے لئے ابراہیم اور بختیاکو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں الگ الگ تھانے کی حدود میں پھینکیں ،پولیس نے جرگہ میں شریک مقتول لڑکی کے والد بخت شیر اور چچا انورشیر کو گرفتار کرلیا ہے ۔ملزمان نے میڈیا کے سامنے دونوں افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کرلیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

کارسوار سے لوٹ مار کرتے ہوئے ملزمان مقابلے کے بعد گرفتار
واقعہ شاہ لطیف ٹائون میں پیش آیا، دوساتھی فرار، ہجرت کالونی سے بھی دو ملزمان پکڑے گئے
اتحاد ٹائون پولیس نے محمد خان کالونی میں آپریشن کرکے 8افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا
کراچی (کرائم رپورٹر)شاہ لطیف پولیس نے 3کار سواروں کو روک کر لوٹنے والے موٹر سائیکل سوار 3ملزمان سے مقابلہ کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرکے موٹر سائیکل اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا، جبکہ 2ساتھی فرار ہوگئے اتحاد ٹاؤن پولیس نے محمد خان کالونی میں آپریشن کرکے 8افغان باشندوں کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا سول لائن پولیس نے ہجرت کالونی ٹھنڈی سڑک کے قریب مقابلے بعد 2ملزمان انور حیات اور گل غفور کو زخمی حالت میں گرفتار کے 2پستول برآمد کرلی ۔

وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ
کرنے والا گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ کر نے والے ملزم کو حراست میں لے لیا ، ذرائع کے مطابق بہادر آباد کے علاقے کارساز روڈ پر منگل کی شام پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے ،ذرائع نے بتایا کہ ایسٹ زون پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کی مدد سے شناخت کے بعد ایک ملزم عامرعرف گلو بٹ کو حراست میں لیا ہے جو کہ ایک نجی سیکیورٹی کمپنی میں بطور سپروائیزر تعینات ہے ،دوسری جانب ایس پی گلشن اقبال عابد قائم خانی نے گرفتاریوں سے لاعلمی کا ظہار کیا ہے ۔

پریڈی پولیس نے صدر سے پارکنگ مافیا کے 6کارندوں کو گرفتار کرلیا
اے سی ایل سی سائوتھ نے دوموٹرسائیکل لفٹر پکڑ لیے، شاہ فیصل میں جوئے کے اڈے سے پانچ ملزمان گرفتار
محمودآباد پولیس نے چنیسر گوٹھ میں آپریشن کرکے 25مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا
پہلوان گوٹھ سے دو ملزمان گرفتار، اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد، ناظم آباد سے منشیات فروش گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر)اینٹی کار لفٹنگ سیل (اے سی ایل سی) نے ساوتھ کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے دو موٹر سائیکل لفٹرز محمد صادق اور خالد خان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے موٹر سائیکل نمبر KEQ-4203برآمد کر لی۔شاہ فیصل کالونی پولیس نے شاہ فیصل پانچ نمبر پر کاروائی کرتے ہوئے جوئے کے اڈے چلانے والے5ملزمان کو گرفتار کر لیا۔محمود آباد پولیس نے چنیسر گوٹھ میں سرچ آپریشن کے دوران25مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق حراست میں لیئے گئے افراد میں لینڈ مافیا امین اور ہدایت اللہ گروپ کا کارندہ ضیا اللہ بھی شامل ہے۔پریڈی پولیس نے صدر کی مختلف گلیوں میں کارروائی کے بعد پارکنگ مافیا کے 6کارندوں کو گرفتار کرلیا جو عاوم سے غیر قانونی طور پر پارکنگ فیس وصول کررہے تھے۔ شاہ فیصل کالونی پولیس نے جوئے کے اڈے پر کارروائی کے بعد اڈے کے مالک سلیم عرف مچھڑ کو5ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے ایک پستول اور دائو لگی رقم برآمد کرلی ۔گلستان جو ہر پولیس نے پہلوان گوٹھ میں کارروائی کے بعد 2ملزمان راشد اور شفیق کو گرفتار کر کے 2نائن ایم ایم پستول اور 2موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔تیموریہ پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم طارق کو گرفتار کر کے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔ناظم آباد پولیس نے چھوٹا میدان میں کارروائی کے بعد منشیات فروش حنیف عرف پنگا کو گرفتار کر کے منشیات اور اسلحہ برآمد کرلی ۔شاہ لطیف پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کر کے مسروقہ کار برآمد کرلی ۔محمود آباد پولیس نے چنیسر گوٹھ میں کارروائی کے بعد2ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔سول لائن پولیس نے سلطان آباد ہجرت کالونی میں مقابلے کے بعد 2ملزمان غفور اور انور حیات کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی ۔ شارع فیصل پولیس نے پہلوان گوٹھ کے علاقے میں چھاپہ مار کر مٹھا خان ،مبین ،رنگن ،صدیق بروہی ،مشتاق ،فتح محمد اور فدا حسین کو گرفتا ر کرکے ملزمان کے قبضے سے 3ٹی ٹی پستول ،5کلوچرس اور 3موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں ۔

اینکر پرسن معید پیر زادہ ابوظہبی میں گرفتار
پاکستانی صحافی کو جعلسازی کے الزام میں گرفتار کیاگیا ہے
بیماروالد سے جائیداد کے کاغذات پر زبردستی انگوٹھے لگوالئے
دفتر خارجہ نے معید پیرزادہ کی گرفتاری کی تصدیق کردی
دبئی( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے معروف صحافی اور اینکر پرسن معید پیرزادہ کو ابو ظہبی میں مبینہ جعلسازی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ معید پیرزادہ پر اپنے بیمار اور زیر علاج والد سے جائیداد کے کاغذات پر زبردستی انگوٹھے لگوانے کا الزام ہے‘ دفتر خارجہ نے معید پیرزادہ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ معید پیرزادہ کو 4 اگست کو حراست میں لیا گیا اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام کی معید سے ملاقات ہوگئی ہے‘ اور انہیں بھر پور معاونت فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ معید پیرزادہ کو جائیداد کی جعلساز ی کے مبینہ الزام میں گرفتار کیا گیا ہے تاہم سرکاری یا آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی‘ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں معید پیرزادہ نے کہا کہ ان کے والد شدید بیمار ہیں‘ اور وہ ان کیساتھ ابوظہبی میں مقیم ہیں۔

 

Tags: