جشن آزادی پر سجاوٹ کے سامان کی فروخت کیلئے تاجر سر گرم

August 8, 2015 4:55 pm0 commentsViews: 69

نت نئی اشیاء متعارف، قومی پرچم، گرین شرٹس، بے بی گارمنٹس تیار، لوگوں کی دلچسپی
ہر سال اگست کے2 ہفتوں میں5 کروڑ تک سجاوٹ کا سامان فروخت ہوتا ہے
کراچی( کامرس رپورٹر) یوم آزادی سے متعلق سجاوٹ کے سامان میں گزشتہ سال کی نسبت 30 فیصد اضافہ، تاجروں نے پچھلے یوم آزادی کے بڑی مقدار میں مال کی فروخت سے اپنے منافع میں20 فیصد سے زائد اضافہ کیا، مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی میں ہر سال اگست کے پہلے دو ہفتوں کے دوران5 سے8 کروڑ روپے کا کاروبار ہوتا ہے گزشتہ چار سال کے دوران کاروبار میں35 فیصد کمی کے باعث کاروباری حجم صرف تین سے چار کروڑ روپے رہا۔ اس سال امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث انڈسٹری میں سرمایہ کاری نے روایتی نمائشی مال کے علاوہ نئی پروڈکٹس متعارف کرانے کیلئے سرمایہ میں اضافہ کیا ہے۔ بے بی گارمنٹس تیار کرنے والوں نے یوم آزادی سے منسوب بے بی فراک ، بے بی سوٹ، فوجی وردی اور نئی شرٹس متعارف کرائی ہیں۔ ہول سیل میں فراک1200 روپے درجن سے3000 روپے درجن فروخت کی جا رہی ہے۔ جبکہ ریٹیل میں شہر کے مختلف بازاروں میں 150 روپے سے600 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ دیگر آرائشی مٹیریل میں اسٹیکر 30روپے درجن، کلائی بینڈ، چوڑیاں، اسکارف، گھڑیاں، انگوٹھیاں، ہیٹ وغیرہ گزشتہ سال کے مقابلے میں10 سے200 روپے زائد میں فروخت کئے جا رہے ہیں۔

Tags: