کے الیکٹرک عوام کیلئے عذاب بن چکی ہے، وزیر بلدیات سندھ

August 8, 2015 4:57 pm0 commentsViews: 26

واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پر لوڈشیڈنگ جاری ہے جس سے شہر میں پانی کا بحران سنگین ہوگیا
کے الیکٹرک عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کررہی ہے، ناصر حسین شاہ کا سندھ اسمبلی میں خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کراچی کے عوام کیلئے عذاب بن چکی ہے۔ سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی نااہل انتظامیہ اور ان کی نا اہلی کے باعث کراچی میں پانی کا بحران شدت اختیار کئے ہوئے ہے معزز عدالتوں کی واضح ہدایات اور خود کے الیکٹرک کی جانب سے واٹر بورڈ کی تنصیبات کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیئے جانے کے باوجود تاحال واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں اور دیگر تنصیبات پر لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، ہم نے اسمبلی کے فلور سمیت تمام فورم پر کے الیکٹرک کو وفاق سے بجلی کی فراہمی کو مکمل طور پر جاری رکھنے کے لئے احتجاج کیا لیکن کے الیکٹرک خود کراچی کے شہریوں کے لئے عذاب بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سندھ اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ جب وفاق کی جانب سے کے الیکٹرک کو ملنے والی بجلی میں کمی کا اعلان ہوا تو سب سے پہلے ہم نے اس اسمبلی فلور سمیت تمام فورم پر اس کے خلاف آواز بلند کی لیکن آج کے الیکٹرک ہی اس شہر کے عوام کے لئے عذاب بن چکی ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت شہر میں پانی کے بحران کی بڑی وجہ کے الیکٹرک بنی ہے اس کے نظام میں خرابی کے باعث ہمارے پمپنگ اسٹیشنوں کے متعدد ٹرانسفارمرز اور مشینیں خراب ہوجاتی ہیں۔

Tags: