وزیر تعلیم میر ہزار بجارانی نے محکمے کو چلانے کیلئے مکمل اختیارات مانگ لیے

August 8, 2015 5:00 pm0 commentsViews: 87

سندھ کا بینہ میں ہونے والی تبدیلیوں اور وزراء کے تحفظات پر وزیراعلیٰ سے مشاورت کروں گا، بلاول بھٹو کی یقین دہانی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سے جمعہ کو سندھ کے وزیر تعلیم میر ہزار خان بجارانی، صوبائی وزیر گیان چند اسرانی اور رکن قومی اسمبلی ملک اسد سکندر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی نے بلاول بھٹو کو محکمہ تعلیم کا قلمدان اب تک نہ سنبھالنے کی وجوہات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے پارٹی چیئر مین سے درخواست کی کہ محکمہ تعلیم میں اصلاحات کیلئے ضروری ہے کہ انہیں مکمل اختیارات تفویض کئے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو سے صوبائی وزیر گیان چند اسرانی کی ملاقات میں انہوں نے اپنے محکمے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ جبکہ ملک اسد سکندر نے اپنے حلقے میں جاری ترقیاتی کاموں اور تنظیمی امور سے متعلق بھی پارٹی چیئر مین کو آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری سندھ کابینہ میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں اور بعض وزراء کے تحفظات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مشاورت کریں گے۔ جس کے بعد آئندہ کی پالیسی طے کی جائے گی۔

Tags: