مشرف کالونی فٹبال گرائونڈ کے قریب سے2 لاشیں ملیں- مختلف حادثات و واقعات میں دیگر ہلاکتیں

August 8, 2015 5:19 pm0 commentsViews: 27

ایک لاش گرائونڈ کے قریب نالے سے اور دوسری چند قدم کے فاصلے پر پڑی ہوئی تھی
نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد دونوں کو قتل کرکے لاشیں نالے میں پھینک دی تھیں، شناخت نہیں ہو سکی
سول اسپتال کے زیر تعمیر ٹراما سینٹر کے گرائونڈ فلور سے بھی ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں سے تشدد زدہ تین افراد کی لاش ملی ،فائرنگ کے واقعات میں ایک شہری زخمی ہوا ،تفصیلات کے مطابق موچکو کے علاقے مشرف کالونی فٹ بال گرائونڈ کے قریب نالے سے ایک اور چند قدم آگے دوسرے نالے سے لاش کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوںکو تحویل میں لیکر سول اسپتال منتقل کیا ،ایس ایچ او نواز گوندل کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد دونوں افراد کو قتل کرکے لاشیں نالے میں پھینک دی تھی ،جن کی عمریں تقریبا 30سے35سال معلوم ہوتی ہے ،انھوں نے بتایا کہ لاشیں پانی گندے پانی میں پڑی ہونے کے باعث گل سٹر گئیں ہیں اور جگہ جگہ سے گوشت اتر گیا ہے جسکی وجہ سے دونوں لاشوں کی شناخت میں دشواری کا سامنا ہے ان کاکہنا تھا کہ ملزمان نے مقتولین کو کس طرح قتل کیا ہے یہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا ،پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاشیں شناخت کے لیے ایدھی سرد خانے منتقل کردی ہیں۔عیدگا ہ کے علاقے سول اسپتال کے زیر تعمیر ٹراما سینٹر کے گرائونڈ فلور سے ایک نوجوان کی لاش ملی، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش پر تشدد کے نشانات ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ وجہ موت کے تعین کے لئے لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے اور رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت کا تعین ہوگا۔

گلشن حدید، ٹرالر کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک
حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار، متوفی اسٹیل ٹائون کا رہائشی تھا، نیو کراچی میں کچرا کنڈی سے نشئی کی لاش ملی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں ٹریفک حادثے میں ایک شہری جاں بحق ہوا ،نیوکراچی سے لاش ملی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹائون کے علاقے گلشن حدید اٹک پیٹرول پمپ کے قریب ٹرالر نمبر JU-9597 کی زد میں آکر 50 سالہ شمروز ولد تمروز جاں بحق ہوگیا، جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور ٹرالر چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹرالر کو تحویل میں لے کر لاش کو قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا، متوفی میکرو کمپنی کا ملازم اور اسٹیل ٹائون کا رہائشی تھا پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔نیوکراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر فائیو ای فرحانہ اسکول کے قریب کچرا کنڈی سے 30 سالہ شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ، پولیس نے لاش کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا، ایس ایچ او طارق رحیم کا کہنا ہے کہ متوفی نشے کا عادی تھا جو نشے کی زیادتی کی وجہ سے ہلاک ہوگیا، متوفی کے جسم پر کسی قسم کے تشدد کے نشانات موجود نہیں ہیں اس کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے میں رکھوادی ہے ۔

آج صبح لیاری میں پولیس مقابلہ، گینگ وار کارندہ ہلاک
مارے جانے والے ملزم کا تعلق بابا لاڈلہ سے ہے،ملزم کے ساتھی فرار ہو گئے، تلاش جاری ہے
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے لیاری میں پولیس مقابلہ، گینگ وار کے سرغنہ بابا لاڈلہ کا کارندہ ہلاک۔ اسلحہ بر آمد ، 2 ملزمان فرار، تفصیلات کے مطابق آج صبح بغدادی کے علاقے لیاری احمد شاہ بخاری روڈ امن پارک کے عقب گلی میںپولیس نے ملزمان کی موجودگی پر کارروائی کی تو وہاں موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم عرفان بلا ولد عبدالصمد بلوچ مارا گیا۔ جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں با آسانی کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول بر آمد ہوئی ہے۔ اور ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ سے تھا۔ ملزم لیاری عیدو لین کا رہائشی تھا اور ملزم پولیس کو متعدد سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب بتایا جاتا ہے۔

بنوں میں مکان کی چھت گرنے سے2بھائی جاں بحق
بنوں( مانیٹرنگ ڈیسک) آج صبح بنوں میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 2بھائی ہلاک ہوگئے‘ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مکان کی چھت شدید بارش کے باعث گر گئی‘ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دونوں بھائیوں کو ملبے سے نکالا۔