رینجرز نائن زیرو کیوں گئی؟ایوان کہے تو بتا دونگا، چوہدری نثار

August 11, 2015 7:31 pm0 commentsViews: 17

الطاف حسین کی وجہ سے معاملات بہت بگڑ گئے ہیں، اب نقصان کی تلافی میں بہت وقت لگے گا، ایم کیو ایم والے اپنے قائد کو سمجھائیں، ایم کیو ایم کی مجبوریوں کا احساس ہے
رینجرز اور فوج ایم کیو ایم کے خلاف نہیں ہے نہ ہی حکومت اور ایوان ایم کیو ایم کے خلاف ہے، کراچی آپریشن کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما ملک سے باہرچلے گئے ہیں، قومی اسمبلی میں خطاب
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایم کیو ایم سے کہا ہے کہ الطاف حسین کو سمجھائیں، الطاف حسین کی وجہ سے معاملات بگڑ چکے ہیں۔ اب نقصان کی تلافی میں بہت وقت لگے گا۔ قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رینجرز کا نائن زیرو جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ رینجرز وہاں کیوں گئی؟ اگر ایوان کہے گا تو بتا دوں گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے رینجرز کو ہدایت کی ہے کہ ارکان اسمبلی کی گرفتاری سے پہلے انہیں وزیر داخلہ سے پوچھنا ہوگا۔ رینجرز اور فوج ایم کیو ایم کے خلاف نہیں، نہ ہی حکومت اور ایوان ایم کیو ایم کے خلاف ہیں۔ ایم کیو ایم والے الطاف حسین کو سمجھائیں، الطاف حسین کی وجہ سے معاملات خراب ہو چکے ہیں۔ ایم کیو ایم کی مجبوریوں کا احساس ہے در اصل اس میں ان کا بھی کوئی قصور نہیں، کیونکہ لندن سے بات کرنے والوں پر ایم کیو ایم کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ یہ الفاظ تھے وزیر داخلہ چوہدری نثار کے جو ایم کیو ایم کے شکوے شکایتوں سے متعلق قومی اسمبلی میں بیان دے رہے تھے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ رینجرز کا نائن زیرو جانے کا کوئی پروگرام نہیں تھا وہاں کیوں گئے اگر ایوان کہے گا تو آگاہ کر دوں گا۔ کراچی آپریشن کے بعد ایم کیو ایم کے متعدد رہنما ملک سے چلے گئے۔ کچھ گرفتار ہیں اور کچھ عدالتوں سے ضمانت پر ہیں۔

Tags: