غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے والے نادرا افسران گرفتار

August 11, 2015 9:33 pm0 commentsViews: 25

نادرا آفس کیماڑی کے انچارج نے500 غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرکے ایک لاکھ روپے فی کس لیے
ایف آئی اے نے خفیہ اطلاع پر نادراآفس پر چھاپہ مارا، ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنیوالے کیماڑی نادرا آفس کے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالقدیر کو گرفتار کرلیا۔ ملزم گروہ کی مدد سے غیر ملکیوں کو افغان بارڈر سے کراچی منتقل کرنے کے بعد رہائش کی فراہمی اور فی شناختی کارڈ ایک لاکھ روپے وصول کرتا تھا۔ ملزم نے جرائم پیشہ افراد سمیت 500 غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے اشفاق عالم نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ نادرا میں ہونیوالی بے قاعدگیوں کے لئے تعینات تفتیشی افسر انسپکٹر سلمان وحید نے خفیہ معلومات پر نادرا کیماڑی کے دفتر پر کارروائی کرکے دفتر کے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالقدیر ولد حاجی نور محمد کو گرفتار کرکے ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ نادرا میں15 غیر ملکی شہریوں کوقومی شناختی کارڈ کے اجراء پر تحقیقات شروع کی گئیں جبکہ ان 15 غیر ملکی شہریوں میں سے11 پاسپورٹ بنوا کر بیرون ملک پاکستانی شہری بن کر روانہ ہو چکے۔ غیر ملکیوں پر نظر رکھنے کی اصل ذمہ داری پولیس کے شعبے اسپیشل برانچ کی ہے تاہم مذکورہ اسپیشل برانچ کے شعبے فارن رجسٹریشن سیکشن میں10 سالہ پرانا ریکارڈ چوہے کھا گئے اور فائلوں میں بیشتر غیر ملکیوں کا ریکارڈ رشوت کے عوض غائب ہے۔

Tags: