الطاف حسین نے مجھے قتل کرانے کی دھمکی دی ہے‘ نبیل گبول

August 12, 2015 2:03 pm0 commentsViews: 29

حقیقتوں کو منظرعام پر لانے پر مجھے سنگین دھمکیاں دی جارہی ہیں
قتل کردیا جائوں تو مجھے سیکورٹی فراہم نہ کرنے والی سندھ حکومت ذمہ دار ہوگی
سابق رکن قومی اسمبلی نے اپنے تحفظ کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا
نبیل گبول میڈیا میں رہنے کیلئے ایسی حرکتیں کرتے رہتے ہیں‘ خواجہ اظہار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے اپنے تحفظ کے لئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔نبیل گبول کی جانب سے دائردرخواست میں وفاقی اورصوبائی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔اپنی درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ کئی مرتبہ وزیر اور رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ ایم کیو ایم کی سیٹ سے استعفیٰ دینے کے بعد مجھ سے سندھ حکومت نے سکیورٹی اسکواڈ واپس لے لیا ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد نے مجھے حقیقتوں کو منظر عام پر لانے کی پاداش میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے مجھے قتل کرانے کی دھمکی دی ہے۔ نبیل گبول نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں رینجرز کی سیکیورٹی دی جائے کیونکہ انہیں پولیس پر بھروسہ نہیں ہے ۔نبیل گبول نے کہا کہ اگر میں قتل کردیا جاؤں تو سکیورٹی فراہم نہ کرنے پر سندھ حکومت میرے قتل کی ذمہ داری ہوگی ۔دوسری جانب سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے رہنما اورقائد حزب اختلاف خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بتدریج بہترہورہی ہے لیکن نبیل گبول نے ابھی عدالت میں درخواست داخل کی ہے،اخبارات اورمیڈیا میں رہنے کے لیے لوگ ایسی حرکتیں کرتے رہتے ہیں۔

Tags: