پیپلزپارٹی کبھی ختم نہیں ہوگی‘ شہادات ہماری میراث ہے‘ بلاول بھٹو

August 12, 2015 2:05 pm0 commentsViews: 22

بین الاقوامی اور مقامی اسٹیبلشمنٹ نے عوام کے حقوق کی بات کرنے والوں کیلئے سزا مقرر کررکھی ہے‘ پاکستانیوں کو مذہب کے نام پر تقسیم نہیں کرتے
11 اگست کو پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کا دن قرار دیا ‘ منارٹی ونگ کراچی کے تحت منعقدہ جلسے سے وزیر اعلیٰ سندھ‘ گیان چند اسرانی و دیگر کا بھی خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہر سازش کو کچلنے کی طاقت رکھتی ہے اور پاکستانیوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی مخالف ہے۔ ہمارا نظریہ کل بھی مضبوط تھا اور آج بھی مضبوط ہے۔ حالات کتنے ہی سخت کیوں نہ ہوں ہمارا نظریہ نہیں بدلے گا‘ مذہب کے نام پر دہشت گردی کرنے والوں کو میری ماں نے للکارہ تھا جنہیں شہید کردیا گیا ۔پیپلز پارٹی کو سلمان تاثیر اور شہباز بھٹی کی لاشوں کی شکل میں تحفے دیئے گئے اور ہمارے لیڈران کو نہ صرف قتل کیا گیا بلکہ ان کے بچوں کو اغواء بھی کیا گیا۔ لیکن پیپلز پارٹی پھر بھی ختم نہیں ہوئی اور آج پیپلز پارٹی کے ختم ہونے کا راگ الاپا جارہا ہے،پیپلز پارٹی نہ کبھی ختم ہوئی تھی اور نہ کبھی ہوگی ،احمق سن لیں اب یہ جھنڈا میں نے اٹھالیا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کرکے بھی کہا گیا تھا کہ اب پیپلز پارٹی ختم ہوگئی لیکن شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے یہ تاثر ختم کردیا تھا۔ وہ لاشیں دے کر ہمیں ڈرانا چاہتے ہیں لیکن بھول جاتے ہیں کہ شہادت ہماری میراث ہے۔ بین الاقوامی اور مقامی اسٹیبلشمنٹ نے عوام کے حقوق کی بات کرنے والوں کیلئے سزا موت مقرر کر رکھی ہے۔ وہ منگل کو منارٹی ونگ کراچی کے تحت بلاول ہائوس کے ہیلی پیڈ گرائونڈ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان، صوبائی وزیر گیان چند اسرانی، منارٹی ونگ کے صدر مشتاق مٹو، کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بھی موجود تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 11 اگست وہ تاریخ ہے جس کو پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے منارٹی کا دن قرار دیا۔ پیپلز پارٹی کا واضح موقف ہے کہ چاہے کوئی کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو وہ پہلے پاکستانی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آئین بناتے وقت اس میں لکھ دیا تھا کہ میرٹ کی بنیاد مذہب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 11 اگست کو قائداعظم محمد علی جناحؒ نے فرمایا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو اپنی اپنی عبادت گاہوں میں عبادت کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ پیپلز پارٹی پہلی سیاسی جماعت ہے جو پاکستانیوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقلیتوں کی پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے ۔ مظلوموں کی آواز ہے۔ عوام کے دلوں میں بسنے والی جماعت ہے۔ یہ کبھی ختم نہیں ہوسکتی۔

Tags: