بلدیہ عظمیٰ کے کرپٹ افسران کے گرد گھیرا تنگ بدعنوان افسران کی فرار کی تیاریاں

August 12, 2015 2:33 pm0 commentsViews: 54

ایف آئی اے اور نیب کے بعد اینٹی کرپشن بھی بلدیہ کراچی میں بدعنوانیوں کی تحقیقات کیلئے میدان میں آگئی‘ سوک سینٹرل میں محکمہ لینڈ اور محکمہ لوکل ٹیکسز کے افسران سے معلومات حاصل کی گئیں اشتہاری بورڈز کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ
کلفٹن کے بنگلوں کے حوالے سے بھی ریکارڈ طلب کرلیا گیا‘ اینٹی کرپشن حکام کی سوک سینٹر آمد اور پوچھ گچھ سے بلدیہ کراچی کے افسران میں خوف و ہراس پھیل گیا کئی افسران نے ویزے حاصل کرنے کیلئے درخواستیں جمع کرادیں
کراچی(سٹی روپرٹر) تحقیقاتی اداروں نے کے ایم سی کے کرپٹ افسران کے گرد گھیرا تنگ کر دیا،بد عنوانیوں میں ملوث افسران نے بیرون ملک فرار ہونے کی تیاریاں شروع کر دیں،ایف آئی اے اور نیب کے بعد اینٹی کرپشن بھی بلدیہ کراچی میں مبینہ بدعنوانیوں کی تحقیقات کیلئے میدان میں آگئی،اینٹی کرپشن کی ٹیم کا گذشتہ روز سوک سینٹر کا دورہ،محکمہ لینڈ اور محکمہ لوکل ٹیکسز کے افسران سے معلومات حاصل کیں،کلفٹن کے بنگلوں کے حوالے سے بھی ریکارڈ طلب کیا گیا،اشتہاری بورڈز کے حوالے سے سینئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکسز اختر شیخ سے معلومات حاصل کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمی کراچی میں مبینہ کرپشن اور بدعنوانیوں کی شکایات پر نیب اور ایف آئی اے کے بعد اینٹی کرپشن بھی متحرک ہوگئی ہے اور مختلف محکموں کے افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے،زرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز اینٹی کرپشن کی ٹیم محکمہ لینڈ میں پہنچی اور افسران سے مختلف علاقوں کے پلاٹس کے حوالے سے معلومات حاصل کیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے کلفٹن میں غیر قانونی طور پر لیز کئے گئے بنگلوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں اور ضروری ریکارڈ طلب کیا،تاہم بعد ازاں اینٹی کرپشن کی ٹیم محکمہ لوکل ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ بھی پہنچی جہاں سینئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکسز اختر شیخ سے اینٹی کرپشن کے افسران نے ملاقات کی اور ضروری معلومات حاصل کیں،ایف آئی اے اور نیب کے بعد اینٹی کرپشن کے بھی متحرک ہوجانے پربلدیہ کراچی کے افسران میں مزید خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ذرائع کے مطابق چند روز میں تحقیقاتی ادارے کی جانب سے محکمہ میونسپل سروسز میں بڑی کارروائی کی جاسکتی ہے۔جس کے خوف سے کرپٹ افسران نے بیرون ملک فرار ہونے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور دبئی سمیت دیگر ممالک کے ویزے لگوانے کیلئے پاسپورٹ جمع کرارہیہیں تاکہ کسی بھی قسم کے خدشات کی صورت میں ہنگامی طورپر بیرون ملک جاسکیں۔

Tags: