سندھ اسمبلی:کھلونا ہتھیاروں پر پابندی کی قرارداد منظور

August 12, 2015 2:40 pm0 commentsViews: 22

قرارداد ایم کیو ایم کے سیف الدین خالد نے پیش کی تھی جس کی تمام ارکان کی جانب سے حمایت کی گئی
ڈکیتی میں کھلونا پستول استعمال ہورہے ہیں، لاہور میں کھلونا پستول رکھنیو الے بچوں کو پولیس نے ہلاک کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی نے منگل کو ایک پرائیویٹ قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی ،جس میں مطالبہ کیا گیا کہ پلاسٹک کے کھلونے ہتھیاروں کی تیاری ،درآمد اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے ۔یہ قرارداد ایم کیو ایم کے رکن سیف الدین خالد نے پیش کی تھی ۔قرارداد پر خطاب کرتے ہوئے سیف الدین خالد نے کہا کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں کھلونا پستولوں اور گنوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔پاکستان کو بھی ایسا کرنا چاہیے ۔اس سے بچوں میں منفی رجحان پیدا ہوسکتا ہے ۔اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم نے معاشرے میں تبدیلی لانے کے لیے یہ قرارداد پیش کی ہے۔ کراچی سمیت پورے سندھ کے لیے یہ ضروری ہے۔ دیگر صوبوں کو بھی ایسی قراردادیں لانی چاہئیں ۔میں والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بچوں کو کھلونا پستول ہر گز نہ دیں ۔حکومت سندھ اس قرارداد پر سختی سے عمل درآمد کرائے ۔پیپلزپارٹی کے جام خان شورو نے کہا کہ ڈکیتی میں بھی یہ کھلونا ہتھیار استعمال ہوتے ہیں۔ لاہور میں پولیس نے کھلونا پستول ہاتھ میں ہونے پر دو بچوں کو ہلاک کردیا ۔پاکستان تحریک انصاف کے سید حفیظ الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ کھلونا اسلحہ کے ساتھ اصلی ہتھیاروں پر بھی پابندی کے لیے قرارداد لائی جائے ۔قبل ازیں سندھ اسمبلی نے تین اور قرار دادیں بھی اتفاق رائے سے منظو رکرلیں۔

Tags: