متحدہ کا شیرازہ بکھر چکا‘ پیپلز پارٹی کو دھمکیاں دینا بند کردے وزیر داخلہ سندھ

August 13, 2015 3:09 pm0 commentsViews: 29

پی پی نے جتنا متحدہ کا ساتھ دیا اس پر احسان مند ہونا چاہئے مگر وہ پی پی قیادت کے خلاف ہرزہ سرائی کررہی ہے
رینجرز کی جانب سے متحدہ کو 300 مطلوب افراد کی فہرست کارروائی کیلئے پولیس کو دینے کا جائزہ لیا جارہا ہے‘ سہیل انورسیال
لاڑکانہ( نیوز ایجنسیاں) صوبائی وزیر داخلہ انور سیال کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کو دھمکیاں دینے کی منفی سیاست کو فوری طور پر بند کرے ان کی یہ طرز سیاست کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔ خود کو نظم و ضبط سے منسوب کرنے والی پارٹی کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ پارٹی رہنمائوں کے چھوڑ کر جانے سے دلبرداشتہ ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کی قیادت کے حوالے سے سوچ سمجھ کر بیانات دے ، ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جس سے حالات خراب ہوجائیں۔ رابطہ کرنے پر وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم جہاں عوام میں اپنا اعتماد کھو چکی ہے۔ وہیں منفی سیاست سے سندھ اسمبلی کا ماحول بھی خراب کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے جتنا ان کا ساتھ دیا ایم کیو ایم کو ان کا احسان مند ہونا چاہئے۔ لیکن متحدہ پیپلز پارٹی کی قیادت سے متعلق ہر زہ سرائی کرکے احسان فراموشی کر رہی ہے۔ سہیل سیال کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی قیادت کے متعلق کون زہر اگل رہا ہے۔ سائبر کرائم کے تحت ان عوامل کے خلاف کارروائی کی ہدایات بھی دے دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما ایم این اے فریال تالپور کے گرفتاری وارنٹ جاری ہونے اور انہیں انٹر پول کے ذریعے دبئی سے پاکستان لانے کی خبریں انتہائی افسوسناک اور بے بنیاد ہیں۔ ایک سوال پر سہیل سیال کا کہنا تھا کہ تین سو کے قریب افراد کی حوالگی سے متعلق رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کو لکھے گئے خط کا جائزہ لے رہے ہیں تا کہ وہی لسٹ کارروائی کیلئے پولیس کو بھی فراہم کی جائے۔

Tags: