کراچی میں 14 اگست کو دہشتگردی کا منصوبہ ناکام طالبان گروہ گرفتار

August 13, 2015 3:11 pm0 commentsViews: 44

گرفتار دہشت گردوں میں طالبان سوات شاخ کا کراچی میں نائب امیر بھی شامل‘ ملزمان بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل تیار کررہے تھے
تحریک طالبان سوات کا سربراہ خودکش بمبار کا انتظام کرنے افغانستان گیا ہوا ہے‘گرفتار دہشت گردوں کا انکشاف
کراچی/ راولپنڈی ( آن لائن) حساس اداروں نے بروقت بڑی کارروائی کرتے ہوئے یوم آزادی کے موقع پر کراچی کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ خفیہ اطلاعات پر کراچی اور حیدر آباد میں بیک وقت کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سوات کے نائب امیر سمیت پورے گروہ کو پکڑ لیا جو 14 اگست کو کراچی میں خود کش حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ گروہ کو غیر ملکی مدد بھی حاصل تھی آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار دہشت گرد14 اگست کو کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ تاہم انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 9 اگست کو حساس اداروں نے نے کراچی اور حیدر آباد میں بر وقت کارروائی کرتے ہوئے منصوبہ ناکام بنا دیا اور دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ گروپ کے ارکان میں کالعدم تحریک طالبان سوات کا کراچی کا نائب امیر سربراہ بخت زمان بھی شامل ہے۔ دہشت گرد بارود سے بھری ہائی روف گاڑی اور موٹر سائیکل تیار کر رہے تھے۔ خود کش کارروائی کیلئے انہیں افغانستان سے خود کش بمبار کا انتظار تھا، جسے لینے کے لئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سوات کا سربراہ افغانستان گیا ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان عاصم سلیم باجوہ کے مطابق انٹیلی جنس معلومات ملنے کے بعد مذکورہ گروہ کی کئی دنوں سے تلاش جاری تھی، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے خود کش حملے میں استعمال کے لئے تیار کی جانے والی بارود سے بھری ہائی روف، وین اور ایک موٹر سائیکل کے علاوہ اسلحہ اور دیگر سامان بر آمد ہوا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ملنے والی ہائی روف اور موٹر سائیکل کا انتظام کراچی سے کیا گیا تھا۔ گرفتار دہشت گردوں سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے انکشاف کے بعد سیکورٹی فورسز نے راولپنڈی، پشاور اور دیگر علاقوں اور ان کے قبضہ کے بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد کر لیا۔

Tags: