آج صبح،اورنگی ٹائون، گلشن بہار میں پولیس مقابلہ،3ڈاکوگرفتار ۔ دیگر جرائم میں مزید گرفتاریاں

August 13, 2015 3:36 pm0 commentsViews: 19

2ساتھی فرار،ملزمان کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمدکرلی
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے اورنگی ٹائون گلشن بہار میں پولیس مقابلہ، 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ، موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان بر آمد، تفصیلات کے مطابق آج صبح پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹائون گلشن بہار میں پولیس نے کارروائی کے دوران مقابلے کے بعد 3 ڈاکو 23 سالہ نادر، 18 سالہ عادل اور 22 سالہ کامران کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 3 ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل و مسروقہ سامان بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ SHO پاکستان بازار ظہیر حسین نے بتایا کہ مذکورہ کارروائی کے دوران ملزمان کے مزید2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اور تینوں ڈاکو لوٹ مار کرکے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے جان سے مارنے کی نیت سے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائمز سمیت متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔

آج صبح، مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کا سرچ آپریشن
35افرادگرفتار،سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے6کارکن بھی شامل ہیں، نامعلوم مقام پر منقل کردیا گیا
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کا سرچ آپریشن 35 مشتبہ افراد حراست۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں لیاری، لی مارکیٹ، بلدیہ ٹائون، اورنگی ٹائون، نمبر10 ، منگھو پیر، لائنز ایریا، سہراب گوٹھ، سپر ہائی وے، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، لانڈھی نمبر5 ، ماڑی پور ، ڈاکس سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر سیل کر دیا گیا اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر کسی بھی شخص کو علاقے میں اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ رینجرز اور پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق زیر حراست افراد میں سیاسی و مذہبی جماعت کے کارکن بھی شامل ہیں۔

پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث متحدہ  کے3 کارکن اشتہاری قرار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث متحدہ کے تین کارکنوں کو اشتہاری قرار دے دیا۔ پولیس اہلکار ذیشان اکرم قتل کیس میں عدالت نے سلیم عرف اچھن،سعد صدیقی اور ندیم کو اشتہاری قرار دے دیا ۔ ملزموں نے پولیس اہلکار کو سعودآباد میں 2007ء میں قتل کیا تھا۔ قتل میں ملوث 2 ملزم نعیم عرف گڈو اور حبیب الرحمان پہلے ہی گرفتار ہیں۔

کراچی میں50 افراد کا قاتل ٹارگٹ کلر اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرفتار
حساس اداروں نے کاشف عرف ڈیوڈ کو حراست میں لیا کراچی پولیس نے ملزم کی حوالگی کیلئے وفاق سے رابطہ کر لیا
کاشف ڈیوڈ اجمل پہاڑی کا قریبی ساتھی ہے ، حماد صدیقی کے کہنے پر دبئی میں روپوش ہو گیا تھا
کراچی( کرائم ڈیسک) حساس اداروں نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں50 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب ملزم کاشف عرف ڈیوڈ کو حراست میں لے لیا۔ کراچی پولیس نے ملزم کی حوالگی کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملکی سلامتی پر مامور حساس ادارے نے دبئی سے اسلام آباد پہنچنے والی فلائٹ کے مسافر کاشف عرف ڈیوڈ کو حراست میں لے کر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کاشف عرف ڈیوڈ قصبہ کالونی کا رہائشی اور سیاسی جماعت کے علی گڑھ سیکٹر کا سر گرم کارکن ہے ملزم کئی برس قبل دبئی فرار ہوگیا تھا۔ جہاں پر اس نے کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی سے رابطہ کیا اور اس کے ساتھ ہی دبئی میں رہائش اختیار کرلی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم دبئی سے فون کے بجائے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس کے زریعے دبئی سے براہ راست قتل کے احکامات دیتا تھا۔ جبکہ خود بھی 50 سے زائد افراد کے قتل میں بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کاشف عرف ڈیوڈ نامی ٹارگٹ کلر اجمل پہاڑی کا قریبی دوست اور چند ماہ قبل پر اسرار طور پر قتل ہونے والے ٹارگٹ کلر جاوید بندا کا دست راست تھا۔ ملزم کے بارے میں چند ماہ قبل ایک افواہ بھی اڑی تھی کہ کاشف فیصل آباد میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا ہے اور اس حوالے سے ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے۔ ذائع نے دعویٰ کیا کہ ملزم کو2 ماہ قبل ایک حساس ادارے نے دبئی سے حراست میں لے کر پشاور منتقل کر دیا تھا تاہم اس کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

پولیس کارروائیوں میں2  ملزمان گرفتار ‘کار برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر)سرسید پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لوٹ مار کرنے والے ملزم عارف مگسی کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، جبکہ موقع سے قاسم پٹھان فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کررہا تھا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے ، میٹھادر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم نوید کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے شیراڈ کار نمبر K-6111 برآمد کرلی، پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ملنے والی کار ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر چھینی تھی ، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔

ڈاکٹرز کی ٹارگٹ کلنگ میںملوث سیاسی جماعت کاکارکن گرفتار
ملزم راحیل ڈاکٹرز سے بھتہ لیکر جنوبی افریقہ میں موجود مرزا گروپ کو بھیجتا تھا، پیشہ کے اعتبار سے میڈیکل ریپ؟
بھتہ نہ دینے پر ڈاکٹروں کو پارسل میں گولیاں بھیجتا تھا اور گاڑیوں پر فائرنگ کرکے ڈاکٹروں کو قتل کرتا تھا
کراچی(کرائم رپورٹر )خواجہ اجمیرنگری پولیس نے بھتہ خوری اورڈاکٹرز کی قتل میں ملوث سیاسی جماعت کا کارکن گرفتارکرلیا گیا ۔عارب مہرنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم راحیل کو ڈاکٹرز کی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں گرفتار کیا ہے ملزم کا ایک تعلق سیاسی جماعت سے ہے اورملزم ڈاکٹر زسے بھتہ لیکر کر جنوبی افریقہ میں موجود مرزاگروپ کو بھیجتا تھا،ایس پی انوسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ ملزم نے لانڈھی اور کورنگی میں ڈاکٹرملک زاہد اور دیگر کو قتل کیا ملزم خود میڈیکل ریپ کی حیثیت سے ملٹی نیشنل کمپنی میں کام کرتاتھا ملزم ڈاکٹرز کی ریکی کرتا اور بھتہ طلب کرتا نہ دینے پر پارسل میں گولیاں ڈال کر بھیجتایا پھر ان کی کلینک یا گاڑیوں پر فائرنگ کرواتے اور انھیں قتل کردیتے ،ملزم نے بھتہ نہ دینے پر متعدد ڈاکٹروں کو قتل کیا، ملزم نے دوران تفتیش دس وارداتوں کو اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ،جنوبی افریقہ میں مرزا بھائی اور جانسن کے کہنے پر بھتہ طلب کرتے تھے اور نہ دینے پر قتل کردیتے تھے۔

 

Tags: