متحدہ نے ٹارگٹ کلرز کو بچانے کیلئے استعفے دیئے ہیں‘ عمران خان

August 13, 2015 3:40 pm0 commentsViews: 20

پی ٹی آئی کے استعفے روکے گئے اور متحدہ کے استعفوں کی تصدیق پہلے دن ہی کردی گئی‘ استعفے منظور نہ کئے جائیں
متحدہ کے استعفے جمہوریت کیلئے نیک شگون نہیں‘ سراج الحق‘ کراچی میں خانہ جنگی کا خطرہ ہے‘ شیخ رشید و دیگر کی گفتگو
اسلام آباد( خبر ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کروانے کے لئے اسمبلیوں سے استعفے دئیے جبکہ متحدہ نے ٹارگٹ کلرز کو بچانے کیلئے استعفے دئیے۔ عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے122 میں مبینہ دھاندلی کیس کے فیصلے تک قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمن نے اسپیکر ایاز صادق اور وزیر داخلہ چوہدری نثار سے رابطہ کیا ہے اور ان سے متحدہ کے استعفے منظور نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے فضل الرحمن نے ایاز صادق سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے استعفے روکے گئے جبکہ ایم کیو ایم کے استعفوں کی تصدیق پہلے ہی روز کر دی گئی۔ ایم کیو ایم کے استعفوں کو اچھا شگون نہیں سمجھتا۔ بحران کی کیفیت پیدا ہوگی۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپیکر کے دو رویے سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے کہا کہ متحدہ کے استعفے جمہوریت کے لئے نیک شگون نہیں ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کا اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ بڑی غلطی ہے۔ کراچی میں خانہ جنگی کا خطرہ ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینیٹر رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو قومی مفاد میں استعفیٰ واپس لینا چاہئے۔ مزید بر آں جسٹس ( ر) طارق محمود نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ارکان کے استعفوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اب معاملہ قانونی نہیں سیاسی ہے۔

Tags: