کیماڑی میں موٹرسائیکل سوار طلب علم ٹرالر کی زد میں آکر ہلاک اور دیگر حادثات

August 13, 2015 3:56 pm0 commentsViews: 17

جیکسن میں ٹرک نے30 سالہ شخص اور مدینہ کالونی میں رکشہ الٹنے سے خاتون ہلاک ہو گئی
بھینس کالونی میں45 سالہ شخص ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا، لاش ایدھی سرد خانے منتقل
کراچی(کرائم رپورٹر)شہر قائد میں ٹریفک حادثات ویگر واقعات میں کمسن طالبعلم اورخاتون سمیت4افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق جیکسن کے علاقے کیماڑی گھاس بندر کے قریب ٹرالر کی زد میں آکر موٹرسائیکل پر سوار16سالہ عبدالوہاب ولد کریم موقع پرہی جاں بحق ہوگیا۔ایس ایچ او جیکسن راؤ خالد کے مطابق متوفی ڈاکس کے علاقے کا رہائشی اوربحریہ اسکول کا طالبعلم تھا اور موٹرسائیکل پر اسکول جا رہا تھا کہ ٹرالر کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی جبکہ ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔دوسری جانب جیکسن کے علاقے آئل ایریا میں ٹرک نے30سالہ شہزاد ولد عطاء محمدکو کچل دیاجس کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔مدینہ کالونی کے علاقے جنگل اسکول کے قریب تیز رفتار رکشہ موڑکاٹتے ہوئے الٹ گیا جس کے سبب رکشہ میں سوار خاتون35سالہ اریبہ زوجہ محمد ندیم شدید زخمی ہو گئی جسے فوری طورپرسول اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں دوران علاج چل بسی،لانڈھی ریلوے پولیس تھانے کی حدود میں قائم بھینس کالونی جمعہ گوٹھ کے قریب ٹرین کی زد میں آکر45سالہ شخص جاں بحق ہوگیا،واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس اہلکار موقع پرپہنچ گئے۔ لاش شناخت اور ورثاء کی تلاش کے لیے ایدھی سرد خانے منتقل کر دی ہے۔

ڈمپر کی ٹکر سے خاتون ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر)شارع نورجہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کے قریب تیز رفتارنامعلوم ڈمپر نے 26 سالہ راہگیر خاتون بشراںزوجہ عارف کو کچل کر ہلاک کردیا اورڈرائیور ڈمپر سمیت موقع سے فرار ہوگیا،متوفیہ کی لاش عباسی اسپتال لائی گئی جہاں سے اہلخانہ لاش لے گئے۔

صبا سینما کے قریب نالے
سے انسانی اعضابرآمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیو کراچی صبا سنیما کے قریب نالے سے انسانی اعضابرآمد ہوئے ،جو ایک ہفتے پرانے بتائے جاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریاکے علاقے نیو کراچی صبا سنیما کے قریب نالے سے انسانی اعضا برآمد ہوئے جس کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور اعضا کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیے،پولیس کے مطابق ملنے والے اعضا میں ٹانگیں اور پیٹ کا کچھ حصہ ملا ہے ،جو ایک ہفتے پرانے معلوم ہوتے ہیں،جبکہ پولیس کاکہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ مذکورہ اعضا مرد کے ہیں یا عورت کے،تاہم پولیس نے کارروائی کے بعد اعضا ایدھی سردخانے میں رکھوا دیئے ہیں۔

اے این ایف اسپتال میں ایک
شخص نے خودکشی کرلی
کراچی (کرائم رپورٹر) کلری کے علاقے ماڑی پور روڈنیول فلیٹ کے قریب اے این ایف اسپتال کے باتھ روم میں رسی کی مدد سے گلے میں پھندا ڈال کر 30 سالہ شاہد ولد غلام محمد نے خودکشی کرلی۔

 

Tags: