کراچی پر کم توجہ دینے کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں‘وزیر اعلیٰ

August 13, 2015 4:05 pm0 commentsViews: 18

سندھ حکومت نے کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں اور آج بھی یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے
شہر میں نئے اوور ہیڈ پل اور انڈر پاسز بنانے کیلئے کئی اور منصوبے جلد شروع کئے جائیں گے‘ ملیر ہالٹ پل کے افتتاح پر بات چیت
کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم پر کراچی پر کم توجہ دئیے جانے کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں اور آج بھی یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ کراچی کے عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کراچی میں نئے اوور ہیڈ پل اور انڈر پاسز بنانے کا سلسلہ جاری ہے اور جلد ہی مزید کئی اور منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔ ملیر ہالٹ پر سندھ حکومت کے ساڑھے باون کروڑ روپے کے فنڈ سے تعمیر ہونے والے 700میٹر طویل پل کی تکمیل کے بعد یہاں کی گنجان آبادی میں ٹریفک کے مسائل میں بڑی حد تک کمی واقع ہوگی اور آئندہ تین ماہ کے دوران ملیر 15 کا پل مکمل ہونے کے بعد شارع فیصل مکمل سنگل فری ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کے ایم سی کے تحت سندھ حکومت کے فنڈ سے تعمیر ہونے والے ملیر ہالٹ پل کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، سنئیر ڈائریکٹر ٹیکنکل سروسز نیاز سومرو، سنئیر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ایڈمنسٹریٹر ملیر طارق مغل، نذیر خلیفو، ڈپٹی کمشنر ملیر اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

Tags: