حکومت تحفظات دور کرے تو استعفے واپس لے سکتے ہیں‘ الطاف حسین

August 13, 2015 4:17 pm0 commentsViews: 25

کسی نے کوئی بات کرنی ہے تو میری ٹیم موجود ہے‘ حقوق کی جنگیں دماغ سے نہیں مضبوط قوت کے ساتھ لڑی جاتی ہیں
حق پرست ارکان قومی ‘ صوبائی اور سینیٹ نے ہمت اور جرأت کے ساتھ استعفے جمع کراکر پوری قوم کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں‘ اجلاس سے خطاب
لند( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حق پرست ارکان سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلی نے ہمت و جرات کے ساتھ اپنے استعفے جمع کروا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے نائن زیرو عزیز آباد اور اسلام آباد میں حق پرست سینیٹرز، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی اور مختلف شعبہ جات کے ارکان بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ حقوق کی جنگیں بزدلی سے نہیں بلکہ مضبوط قوت ارادی، مہارت اور جرات کے ساتھ لڑ کر ہی جیتی جاسکتی ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ آج میں یہ بات فخر یہ انداز میں کہنا چاہتا ہوں کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی کے ایوان میں جو تقریر کی ہے وہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔ اسے تاریخ میں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ دریں اثناء الطاف حسین کا نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پارلیمنٹ مسائل حل کرنے کیلئے ہوتی ہے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ہمارے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے ممبران نے اپنی نشستوں سے استعفے دے دئے۔ لیکن اگر حکومت ہمارے تحفظات دور کر دے تو تمام استعفے واپس لے سکتے ہیں۔ کسی نے بات کرنی ہے تو میری ٹیم موجود ہے۔

Tags: