عوام کے حقوق کی فراہمی کیلئے کوشاں رہیں گے وزیر اعلیٰ گورنرسندھ

August 14, 2015 2:27 pm0 commentsViews: 19

فورسز کے ساتھ مل کر امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنائی جائے گی‘ مزار قائد پر حاضری اور تقریب سے خطاب
ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرینگے‘ شہباز شریف‘ امن چاہتے ہیں ہتھیار ڈالنے والوں کیلئے دورازے کھلے ہیں‘ ڈاکٹر عبدالمالک
کراچی، لاہور، کوئٹہ ( مانیٹرنگ ڈیسک) آج صبح یوم آزادی کے موقع پر سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنی صوبائی کابینہ اور ڈی جی رینجرز کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ بعد ازاں مزار قائد کے سبزہ زار پر قومی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر گوررنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے قومی پرچم لہرایا۔ اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو نے تمام سیاستدانوں سے مل کر73 کا آئین قوم کو دیا تھا۔ عوام کو ان کے حقوق فراہم کرنے کیلئے کوشاں رہیں گے۔ فورسز کے تعاون سے امن و امان کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی آپریشن منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور فورسز اور سیاستدانوں کے تعاون سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری لائی جائے گی، علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تجدید عہد کرنا چاہئے علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے پاک فوج کے ساتھ ملکر آپریشن عضب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے یہ بات یوم آزادی کی تقریب سے لاہور میں آج صبح خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پنجاب میں ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرانے کیلئے کام کر رہی ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ میں بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔ اور ہتھیار ڈالنے والوں کیلئے حکومت کے دروازے کھلے ہیں۔ صوبے میں امن چاہتے ہیں۔

آزادی کی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کرنا ہوگا، گورنر سندھ
وطن عزیز کے لیے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک سوچ کواپنانا ہوگی
کراچی(سٹی رپورٹر)یوم آزدی کے موقع پر گورنر سندھ عشرت العباد خان نے قوم کے نا م اپنے پیغام کہا ہے کہ قوموں کی زندگی میں چند ایام نا قابل فراموش ہوتے ہیں جس میں سے سب سے اہم دن ان کی آزادی کا ہوتا ہے حب الوطنی سے سرشار قوم اپنے یوم آزادی کو بھرپور شایان شان طریقے سے منایا کرتی ہے۔ پاکستانی قوم بھی ہر برس اپنے یوم آزادی کو بے پناہ قومی جذبے سے مناکر اپنی حب الوطنی کا اظہار کرتی ہے کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ آزادی کے لئے ہمارے آبائو اجداد نے انتھک محنت اور بے مثال قربانیوں کے نذرانے پیش کئے ، یہ دن ہم سے تقاضہ کرتا ہے کہ ہمیں اپنے آبائواجداد کی قربانیوں کے ثمر میں ملنے والی آزادی کی قدر و منزلت اور احترام کی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کرنا ہوگا ، آزادی کا دن باہمی ربط ، اخوت ، بھائی چارے ، برداشت ، اتحاد و اتفاق اور رواداری کا درس دیتا ہے، وطن عزیز کے لئے ہمیں اپنے باہمی اختلافا ت کو بالائے طاق رکھ کر ایک سوچ اپنانا ہو گی۔

Tags: