4 وفاقی وزراء پر حملوں کا منصوبہ ناکام کالعدم تنظیم کے30 دہشت گرد گرفتار

August 14, 2015 2:27 pm0 commentsViews: 18

دہشت گردوں نے چوہدری نثار، خواجہ آصف، سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی کے علاوہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو بھی نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا
سیکورٹی فورسز نے اسلام آباد، راولپنڈی اور ٹیکسلا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، سیکورٹی وجوہات کے باعث شیخ رشید کا 15,14 اگست کی تقریب سے خطاب منسوخ
حساس اداروں نے14اور15 اگست کو انتہائی حساس دن قرار دے کر سیکورٹی مزید سخت کرنے کا مشورہ دیا ہے، ملک بھر میں دہشت گردوں کے ممکنہ حملوں کے خدشات موجود ہیں، وزارت داخلہ کو رپورٹ بھجوا دی گئی
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) حساس اداروں نے آج14 اورکل 15 اگست کے دن کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے ممکنہ دہشت گردی کے خدشات ظاہر کر دئیے۔ رپورٹ وفاقی وزارت داخلہ کو ارسال کر دی گئی جس میں سیکورٹی مزید ہائی الرٹ کرنے کوکہا گیا ہے۔ جبکہ دوسری طرف وفاقی دار الحکومت میں سیکورٹی فورسز نے وفاقی وزراء پر حملوں کا منصوبہ بنا دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سیکورٹی فورسز نے اسلام آباد اور ٹیکسلا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے30 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں نے 4 وفاقی وزراء پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ان وزراء میں خواجہ آصف، چوہدری نثار ، سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی شامل ہیں۔ دہشت گردوں نے شیخ رشید پر حملے کی بھی منصوبہ بندی کی تھی تاہم سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور انہیں نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ دوسری طرف شیخ رشید نے سیکورٹی وجوہات کی بناء پر 14 اگست کی تقریب سے خطاب منسوخ کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کاکہنا تھا کہ انتظامیہ نے سیکورٹی خطرات سے آگاہ کیا ہے۔ دوسری طرف حساس اداروں نے رپورٹ دی ہے کہ ملک بھر میں دہشت گرد سرگرمیوں کے حوالے سے غیر فعال تنطیموں نے دوبارہ کام کا آغاز کیا ہے۔ اس ضمن میں دہشت گرد گروپوں کو منظم کیا جا رہاہے۔ دہشت گرد ایک صوبے سے دوسرے صوبوں میں منتقل ہو رہے ہیں۔ اور ایسے افراد کے خاندان والوں سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ جن کے گھر کے افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائیوں میں مارے گئے ہیں۔ جبکہ حساس اداروں نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی میںملوث تنظیم نے ماضی میں کام کرنے والی ایک کالعدم تنظیم کے ساتھ گٹھ جوڑ کیا ہے جو کافی عرصے سے غیر فعال تھی۔ حساس اداروں نے14 اگست اور15 اگست انتہائی حساس قرار دیا ہے۔ حساس اداروں نے اس حوالے سے اعلیٰ حکام کو تجویز دی ہے کہ وہ ان علاقوں میں سیکورٹی کے ساتھ سرچ آپریشن کو مزید تیز کریں تا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں سے قبل ہی ان کے منصوبے کو ناکام بنایا جا سکے۔

Tags: