چوری اور چھینے جانیوالے موبائل خریدنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

August 14, 2015 2:42 pm0 commentsViews: 19

اسٹریٹ کرائم کا انسداد بڑا مسئلہ ہے‘ تاجروں کے تعاون سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملی ہے‘ ڈیفنس میں نیا تھانہ بنایا جارہا ہے
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے باعث کراچی پھر روشنیوں کا شہر بنتا جارہا ہے‘ ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر کا کا ٹی میں خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کا انسداد بڑا مسئلہ ہے جس کے حل کے لئے چھینے اور چوری کئے گئے موبائل فون کے خریداروں کے خلاف بہت جلد بھر پور کارروائی شروع کی جائیگی۔ اور اس کے لئے مارکیٹوں میں آپریشن ہوگا اور جو دکاندار چوری اور چھینے گئے موبائل خریدنے میں ملوث ہوگا اس کو گرفتار کیا جا ئے گا،۔ تاجروں کے تعاون سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اور آگے بھی پولیس کو تاجروں کا تعاون درکار ہے یوم آزادی کے موقع پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ جمعرات کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کی جانب سے دئے گئے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سی پی ایل سی کے چیف زبیر حبیب، ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی ٹریفک، ایس ایس پی کورنگی اور کاٹی کے قائم مقام چیئر مین طارق ملک کے علاوہ دیگر تاجر اور صنعتکاروں نے بھی شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی موثر روک تھام کیلئے شہر کے25 ایسی مقامات جہاں وارداتیں زیادہ ہوتی ہیں تاجر برادری کے تعاون سے کیمروں کی تنصیب کے علاوہ پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے گا۔ چھینے گئے موبائل فون کی خرید و فروخت روکنے کے لئے تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر آئندہ چند دنوں میں بھر پور کارروائی کی جائے گی جبکہ ڈیفنس فیز8 میں ساحل کے نام سے ایک نیا تھانہ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کے باعث کراچی پھر روشنیوں والا شہر بنتا جا رہا ہے۔

Tags: