بلاول ہائوس ہمارا سیاسی قبلہ ہے، پیپلزپارٹی

August 14, 2015 2:51 pm0 commentsViews: 22

سیاسی یتیموں نے قوم کو تقسیم کرنے کیلئے آج کے دن بلاول ہائوس پر حملہ کرنے کا اعلان کیا ہے
ہم بلاول ہاوس کو متنازعہ جگہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، نجمی عالم کا پریس کانفرنس سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم نے کہا ہے کہ سیاسی یتیموں نے قوم کو تقسیم کرنے کیلئے آج ( جمعہ) کا دن منتخب کیا ہے اور یہ اعلان کر رہے ہیں کہ وہ بلاول ہائوس پر حملہ کریں گے لیکن ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں اور یہ بات ریکارڈ پر رہنی چاہئے کہ بلاول ہائوس ہمارا سیاسی قبلہ ہے اور غیر متنازعہ جگہ ہے ہم کسی کو بھی اس جگہ کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہیں کرنے دیں گے اور اگر وہ کچھ چنگچی رکشوں اور تانگوں میں بھر کر آئیں گے تو اس وقت وہاں پیپلز پارٹی کے ہزاروں جیالے بھی موجود ہوں گے اس صورتحال میں اگر کوئی تصادم ہوا یا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کے ذمہ دار ایاز لطیف پلیجو ہوں گے۔ وہ جمعرات کو پیپلز پارٹی میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ نجمی عالم نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ امن و امان بر قرار رکھنے کے لئے شر پسندوں کو بلاول ہائوس سے دور رکھے، ان نام نہاد لیڈروں کو پورے سندھ میں جہاں چاہیں جا کر دھرنا دیں اس کی اجازت نہیں ہونی چاہئے محترمہ بینظیر بھٹو کی رہائش گاہ کا گھیرائو کیا جائے یہ ہم برداشت نہیں کریں گے۔

Tags: