دہشتگردوں کو اب پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ثروت قادری

August 14, 2015 3:13 pm0 commentsViews: 29

جن کے نزدیک پاکستان کا قیام گناہ تصور کیا جاتا تھا ان کی اولادیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہیں
پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے اور ملک سے دہشتگردی ختم کرنے کیلئے پر عزم ہے‘ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں 22لاکھ مسلمانوں کی قربانیوں اور عظیم اکابرین اہلسنّت کی جدوجہد کی بدولت نصیب ہواہے آج پاکستان پر اجارہ داری کرنے والے بتائیں قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں جب مسلمان بٹ کے رہے گا ہندوستان لیکے رہینگے پاکستان کا نعرہ لگارہے تھے تو اس وقت ان کے اکابرین کانگریس کی گود میں بیٹھ کر تحریک پاکستان کو سازشوں کے ذریعے ناکام بنانا چاہتے تھے ،جن کے نزدیک پاکستان کا قیام گناہ تصور کیا جاتا تھا آج انہی کی ناجائز اولادیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بانیان پاکستان کی اولادوں سے انتقام لے رہے ہیں ،کبھی حضرت داتا گنج بخش کے مزار تو کبھی عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر تو کبھی امام بری کے مزار کو بم دھماکے کرکے یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ سنیوں اولیاء کرام سے اپنی عقیدت ختم کردو ،ان بزرگان دین سے وابستگی ختم کردو مگر ایسا ممکن نہیں ہے ۔پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے اور ملک سے دہشتگردی کیلئے پر عزم ہے دہشتگردوں کو اب پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے 68ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنی رہائشگا ہ قادری ہائوس ناظم آبادمیں پر چم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ممتاز اسکالر عامرلیاقت ،خلیل وارثی ،امتیاز فاران ،امین یوسف،علامہ نثار علی اجاگر ،علامہ محمد علی شاہ ،سلیم خان ترابی ،فہیم الدین شیخ ،مبین قادری طیب قادری ودیگر بھی موجودتھے ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آقائے نامدار ﷺکے جشن ولادت کے روز سنی تحریک کی پوری قیادت کو شہید کردیا گیا ،دہشتگرد سمجھتے تھے شاید اس خوف سے سنیوں کے دلوں میں تحفظ پاکستان کا جذبہ کم ہوجائے گا ،مگر تاریخ گواہ ہے کہ سنی آج بھی کٹ رہا ہے ،مر رہا ہے آج بھی پابند سلاسل ہے مگر ہم پاکستان کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دینگے ،مٹھی بھر دہشتگرد ایک دن ختم ہونے ہیں ہم ان سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں ہمارا جینا اور مرنا پاکستان کیلئے ہے اس راہ میں ہماری جان چلی جائے تو یہ ہمارے لئے بہت بڑی سعادت ہوگی ۔

Tags: