پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر جاوید ناگوری نے استعفیٰ دیدیا

August 15, 2015 3:52 pm0 commentsViews: 22

استعفیٰ صحت خرابی کی وجہ سے دیا ہے جو وزیراعلیٰ سندھ کو موصول ہوگیا ہے، ترجمان سی ایم ہائوس
جاوید ناگوری پارٹی کے مرکزی عہدوں میں سے لیاری کیلئے بھی کوئی عہدہ چاہتے تھے، ذرائع
کسی امن کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، بلاول بھٹو اور زرداری کی قیادت میں کام کرتا رہوں گا، جاوید ناگوری
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی جاوید ناگوری نے صوبائی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق جاوید ناگوری نے اپنی صحت کی خرابی کے باعث صوبائی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا جو وزیر اعلیٰ سندھ کو موصول ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر جاوید ناگوری کی کارکردگی سے پیپلز پارٹی کی قیادت مطمئن نہیں تھی۔ جس کے باعث ان سے استعفیٰ لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید ناگوری نے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے عہدوں پر حالیہ کی جانے والی تبدیلیوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا اور پارٹی قیادت کو کہا تھا کہ مرکزی عہدوں میں سے کوئی لیاری کا عہدہ دیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل وہ کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے قریبی ساتھی بھی سمجھے جاتے تھے تاہم بعد ازاں وہ پیپلز پارٹی امن کمیٹی کے اختلاف کے باعث ان سے الگ ہوگئے۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ وہ پیپلز پارٹی کے کارکن ہیں اور رہیں گے اور بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے کارکن کی حیثیت سے کام کرتا رہوں گا۔ میرا کسی امن کمیٹی سے تعلق نہیں ہے اور نہ ہی کبھی رہا ہے اس طرح کی تمام خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔

ساجد جوکھیو جاوید ناگوری کی جگہ وزارت کا حلف اٹھائیں گے
حلف برداری کی تقریب آج گورنر ہائوس میں ہوگی، ساجد جوکھیو واٹربورڈکے وائس چیئرمین بھی ہیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے و الے سندھ اسمبلی کے رکن ساجد جوکھیو آج صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے صوبائی وزیر جاوید ناگوری کا وزارت سے استعفیٰ قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان آج جاوید ناگوری کا استعفیٰ منظور کرلیں گے جبکہ پی پی قیادت کی ہدایت پر ملیر سے منتخب ممبر سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو‘ جاوید ناگوری کی جگہ وزارت کا حلف اٹھائیں گے‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی نے ساجد جوکھیو کومحکمہ کچی آبادی کا قلمدان دینے کا فیصلہ کیا ہے‘ حلف برداری کی تقریب آج گورنر ہائوس میں منعقد کی جائیگی۔ واضح رہے کہ ساجد جوکھیو گزشتہ دو سال سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے وائس چیئرمین کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔

Tags: