ایم کیو ایم عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے استعفے واپس لے،وزیراعلیٰ سندھ

August 15, 2015 3:55 pm0 commentsViews: 23

جب تک وفاق استعفے قبول نہیں کرتا سندھ میں بھی ایم کیو ایم کے استعفے منظور نہیں کیے جائیں گے
کراچی میں تیزی سے امن بحال ہورہا ہے جس کا سہرارینجرز اور سندھ حکومت کو جاتا ہے، مزار قائد پر بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی طرح متحدہ قومی موومنٹ کو بھی کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں عوام کا مینڈیٹ حاصل ہے۔ ایم کیو ایم کو چاہئے کہ وہ عوام کے اس مینڈینٹ کا احترام کرتے ہوئے استعفے واپس لے۔ جب تک وفاق ان کے استعفے قبول نہیں کرتا سندھ میں ان کے استعفے منظور نہیں کئے جائیں گے۔ استعفوں کے معاملے پر وفاق کی پالیسی کو مد نظر رکھا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد دو مرتبہ آئین بنا لیکن تیسری مرتبہ ذوالفقار علی بھٹو نے تمام پارلیمانی اور سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرکے ایک متفقہ آئین دیا۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ 1973ء کے آئین کے مطابق عوام کو حقوق دئے جائیں۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ملک میں قیام امن کیلئے پاک فوج اور سیکورٹی ادارے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں خصوصاً کراچی میں امن تیزی سے بحال ہو رہا ہے۔ جس کا سہرا رینجرز اور سندھ حکومت کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی مکمل بحالی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔

Tags: