حج آپریشن، ایئرپورٹ کی حدود میں کسی بھی قسم کا کیمپ لگانے پر پابندی

August 15, 2015 4:16 pm0 commentsViews: 28

سول ایوی ایشن نے عازمین حج کو ایئر پورٹ چھوڑنے کیلئے آنے والے افراد کیلئے انتظامات کرنے سے معذرت کر لی
رفاہی ادارے عازمین کے ساتھ آنے والوں کیلئے کراچی ایئرپورٹ جناح ٹرمینل سے2 کلومیٹر کے فاصلے پر کیمپ لگائیں گے
کراچی ( نیوز ڈیسک) کراچی ایئر پورٹ پر سیکورٹی کے باعث سول ایوی ایشن نے عازمین حج کو ایئر پورٹ چھوڑنے کے لئے آنے والوں کے لئے انتظامات کرنے سے معذرت کرلی جس کے بعد کراچی کے رفاہی ادارے نے فلاحی تنظیموں نے اس سال بھی عازمین حج کی رہنمائی اور پرواز کیلئے انتظار کی زحمت سے بچانے کے لئے سی اے اے سے ایئر پورٹ کے باہر کیمپ لگانے کی اجازت حاصل کرلی۔ جبکہ عازمین حج کو اندرون سندھ اور دیگر شہروں سے چھوڑنے کے لئے آنے والوں کے لئے کراچی ایئر پورٹ جناح ٹرمینل سے 2 کلو میٹر کے فاصلے پر کیمپ لگائے جائیں گے۔ سی اے اے نے ان فلاحی اداروں اور تنظیموں کو ایئر پورٹ کی حدود سے باہر استقبالی کیمپ لگانے کی اجازت دیدی تاہم سول ایوی ایشن نے ایئر پورٹ کی حدود میں کسی قسم کاکیمپ لگانے یا لوگوں کو جمع ہونے پر سخت پابندی عائد کر دی ہے۔ عازمین حج اور ان کو الوداع کہنے کیلئے آنے والوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے میمن خدمت فورم، تحریک عوام اہلسنت، عالمگیر ویلفیئر کے علاوہ نصف درجن سے زائد فلاحی ادارے اور تنظیمیں اپنے کیمپ لگائیں گی۔ جہاں عازمین حج کی رہنمائی، نماز وضو اور پرواز میں تاخیر کی صورت میں ٹہرنے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ میمن خدمت فورم کے سربراہ حاجی مسعود پاریکھ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے فلاحی ادارے عازمین حج کی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتے ہیں۔ سی اے اے کے ترجمان کاکہنا ہے کہ ایئر پورٹ کی سیکورٹی کے باعث عازمین کے ساتھ صرف ایک آدمی کو ایئر پورٹ کے اندر جانے کی اجازت ہوگی۔

Tags: